اسلامی ریاست کے قیام سے معاشرے میں عدل و انصاف اور امن قائم ہوسکتاہے‘ جماعت اسلامی پنجاب ،

درپیش مسائل کے حل کیلئے سودی معیشت کوترک کرکے اسلامی معاشی نظام کو اختیار کرناہوگا‘ ڈاکٹر سید وسیم اختر

اتوار 15 مارچ 2015 16:17

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہاہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیاہے اور یہاں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول کا نظام ہی نافذ العمل ہوگا تو ہم دنیا وآخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں،اسلامی ریاست کے قیام سے معاشرے میں عدل وانصاف کابول بالاہوگا،غریب،مظلوم اور بے کسوں کو ان کا جائز حق مل سکے گا،اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وجود کا مقصدیہ تھا کہ مسلمان یہاں قرآن وسنت کا نظام رائج کرکے دنیا کے سامنے اسلامی کامیاب ریاست کی شکل میں ایک قابل عمل نمونہ پیش کرسکیں اور اپنی زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گزارسکیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے آج وطن عزیز میں انگریزوں کا نظام رائج ہے۔

(جاری ہے)

سود عام ہوچکاہے۔غریب عوام کااستحصال ہر دورحکومت میں ہوتاچلاآرہا ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث پڑھے لکھے نوجوان جرائم کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔حکمران ووٹ مانگنے کے لئے صرف عوام کواپنامنہ دکھاتے ہیں باقی پانچ برس اقتدار کے مزے لوٹتے ہیں۔دونوں پارٹیوں نے باریاں لگارکھی ہیں۔

کوئی جواب طلبی کا خوف نہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ جب تک حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد رہے گا تب تک ملک وقوم کومخلص اور محب وطن اور کرپشن سے پاک قیادت میسر نہیں آسکتی۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل سے لبریز وطن بنایا ہے امرصدافسوس یہ ہے کہ محض چند اشرافیہ کی ہٹ دھرمی ومفاد پرستی کے زور پران وسائل سے فوائد حاصل نہیں کئے جارہے۔سوچی سمجھی سازش کے تحت قوم کوغلامانہ ذہنیت پر مطمئن رہنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ملک وقوم کودرپیش مسائل کے حل کے لئے سودی طرزمعیشت کوچھوڑ کراسلامی معاشی نظام کو اختیار کرناچاہئے۔اس حوالے سے مدینہ منورہ کی ریاست ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔