پاکستانی باڈی بلڈر عاطف انور نے آرنلڈ کلاسک ایوارڈ اپنے نام کرلیا

اتوار 15 مارچ 2015 21:41

پاکستانی باڈی بلڈر عاطف انور نے آرنلڈ کلاسک ایوارڈ اپنے نام کرلیا

میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15مارچ۔2015ء) پاکستان کے مایہ ناز تن ساز اور 2005 میں مسٹر پاکستان کا اعزاز پانے والے عاطف انور نے آسٹریلیا میں 100 کلو گرام سے زائد کے مقابلے میں آرنلڈ کلاسک ایوارڈ جیت لیا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے آرنلڈ کلاسک مقابلوں کے دوران پاور لفٹنگ، خواتین کی باڈی بلڈنگ اور مارشل آرٹس کے مقابلے منعقد ہوئے تاہم تن سازی کے 100 کلو گرام سے زائد کے مقابلے کا ٹائٹل عاطف انور نے اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق مسٹر ورلڈ آرنلڈ شوارزنیگر نے عاطف انور کو فاتح قرار دیتے ہوئے انہیں میڈل پہنایا اور ان کا ہاتھ فضا میں بلند کردیا۔ آرنلڈ کلاسک ایوارڈ مختلف اسپورٹس کیٹگریز میں ہرسال منعقد کئے جاتے ہیں، جن میں دنیا کے بہترین کھلاڑی حصہ لیتے ہیں جب کہ مقابلوں میں جیتنے والوں کو آرنیز کا خطاب دیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے عاطف انور اس سے قبل بہت سے اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں، 2009 میں مسل مینیا نامی مقابلے میں انہوں نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی جس میں دنیا بھر سے 100 باڈی بلڈرز نے حصہ لیا تھا۔