سرفراز احمد ورلڈ کپ میں مسلسل 2بار مرد میدان کا اعزاز حاصل کرنیوالے پہلے قومی وکٹ کیپر بن گئے

پیر 16 مارچ 2015 11:31

سرفراز احمد ورلڈ کپ میں مسلسل 2بار مرد میدان کا اعزاز حاصل کرنیوالے ..

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے ٹیم الیون میں جگہ دیئے جانے کے بعد مسلسل دوسرے میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کرلیا،وہ ورلڈکپ مقابلوں میں مسلسل دومرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ۔ورلڈ کپ کے مسلسل ابتدائی 4 میچز میں سلیکشن کمیٹی کی نظروں میں نہ آنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد کو جب پانچویں میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف موقع دیا گیا تو انہوں نے بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ دونوں ہی شعبوں میں اپنے آپ کو منوا کر مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا اور اسی طرح آئرلینڈ کے خلاف فیصلہ کن میچ میں انہوں نے سنچری داغ کر قومی ٹیم کو کوارٹرفائنل میں پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

وہ ورلڈکپ مقابلوں میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر ہیں۔ورلڈکپ کے گروپ میچز میں کسی پاکستانی بلے بازنے سنچری اسکورنہیں کی تھی تاہم آئرش ٹیم کے خلاف سنچری بنا کرسرفرازاحمد کو ورلڈ کپ کی پہلی سنچری بنانے کا جہاں اعزازحاصل ہوا وہیں انہوں نے گرین شرٹس کی جانب سے گروپ میچزمیں سنچری نہ بنانے کا داغ بھی دھو دیا۔اس سے قبل سلیم یوسف 1987ء کے ورلڈکپ میں ایک مرتبہ مین آف دی میچ قراراپانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز تھے ۔