یوحنا آباد بم دھماکے، پنجاب حکومت نے تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

پیر 16 مارچ 2015 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) پنجاب حکومت نے یوحنا آباد میں گرجا گھروں میں خودش کش حملوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ حملے کے بعد2 افراد کو زندہ جلانے اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔پیر کے روز پنجاب حکومت نے گرجا گھروں میں خود کش حملوں کی تحقیقات کے حوالے سے ڈی ایس پی اقبال شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی جو 48 گھنٹوں میں ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ارسال کریں گے ،ابتدائی رپورٹ کے بعد کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ عینی شاہدین اور متاثرین کے بیان ریکارڈ کئے جائیں گے جس کی تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کی جائے گی ۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بم دھماکوں کے بعد 2 نامعلوم افراد کو تشدد کرنے کے بعد مارنے اور زندہ جلانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا جبکہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کو تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سی سی فوٹیج اور میڈیا کے پاس موجود فوٹیج سے مددلی جائے گی اور ان ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا

متعلقہ عنوان :