فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کے تحت فری میڈیکل کا انعقاد

پیر 16 مارچ 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کے تحت مین المدینہ روڈ ٹاؤن شپ میں فری میڈیکل کا انعقاد کیا گیا جس میں تین ہزار سے زائد مریضوں کے طبی معائنہ کے ساتھ ساتھ سینکڑوں افراد کی بلڈ گروپنگ ، شوگر ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کیے گئے ۔میڈیکل کیمپ کی سرپرستی معروف عالم دین اورجامع مسجد قدس ٹاؤن شپ کے خطیب حافظ عبد الماجد سلفی نے کی ۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے فری میڈیکل کیمپ کے آغازپر ہی لوگوں کا شدید رش دیکھنے میں آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے کیمپ ایک فیلڈ ہسپتال کی شکل اختیار کر گیا ۔ میڈیکل کیمپ پر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی بڑی ٹیم نے اپنی رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں جن میں تین اسسٹنٹ پروفیسر ز اور چار لیڈی ڈاکٹروں سمیت 18 ڈاکٹرزشامل تھے جبکہ پندرہ رکنی پیرامیڈیکل اسٹاف نے بھی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اس فری میڈیکل کیمپ پر آنے والے مریضوں کو طبی مشوروں کے ساتھ ساتھ ہزاروں روپے مالیت کی ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں جبکہ اس موقع پر علاقے کی سیاسی وسماجی شخصیات نے فری میڈیکل کیمپ کی اس کاوش کا سراہا ۔ میڈیکل کیمپ میں آنکھ، کان ،گلہ ،آرتھوپیڈک ،جنرل فزیشن ،جگر ومعدہ ، گائنی، چلڈرن،سکن کے 3375مریضوں کا طبی معائنہ کیاگیا۔

میڈیکل کیمپ میں 250 افراد کی بلڈ گروپنگ اور شوگر کے ٹیسٹ بھی کئے گئے اور 156 لوگوں کی الٹراساؤنڈ بھی کی گئی ۔ اس موقع پر حافظ عبد الماجد سلفی اور جماعة الدعوة ٹاؤن شپ کے ناظم اسحاق قاسم نے کہا کہ خدمت خلق کا کام کرنا سنت نبویﷺ ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے ہمیشہ ہی مستحق لوگوں کو ترجیح دی ہے ۔ ہم رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :