رینٹل پاور پروجیکٹ کے 12 مقدمات کی تفتیش کی گئی ، ان میں سے 5 پر ریفرنس تیار کر کے عدالتوں میں بھجوا دئیے گئے ،مضاربہ سکینڈل کے اربوں روپے مالیت کے96 کیسز کی تفتیش آخری مراحل میں ہے ، 8 کے ریفرنسز تیار ہو چکے ہیں ،چیئرمین قومی احتساب بیورو کو نیب راولپنڈی اسلام آباد بیور وکا دورہ پر ادارے کی کارکردگی اور زیر سماعت کیسوں بارے بریفنگ

پیر 16 مارچ 2015 21:20

رینٹل پاور پروجیکٹ کے 12 مقدمات کی تفتیش کی گئی ، ان میں سے 5 پر ریفرنس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب راولپنڈی اسلام آباد بیور وکا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی اور زیر سماعت کیسوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ رینٹل پاور پروجیکٹ کے 12 مقدمات کی تفتیش کی گئی ہے جن میں سے 5 پر ریفرنس تیار کر کے عدالتوں میں بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ مضاربہ سکینڈل کے اربوں روپے مالیت کے96 کیسز کی تفتیش آخری مراحل میں ہے جبکہ 8 کے ریفرنسز تیار ہو چکے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے دورہ کے دوران نیب افسران سے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد بیورو سب سے اہم بیورو ہے جب انتہائی اہم نوعیت کے کیسز کی تفتیش کر رہا ہے اور نیب کی مجموعی کارکردگی میں اس بیور وکا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ رینٹل پاور پروجیکٹ کے 12 کیسز کی تفتیش کی گئی ہے جن میں سے 5 پر ریفرنسز تیار کر کے عدالتوں کو بھجوا دئیے ہیں ان ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ‘ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین ‘ سابق سیکرٹری پانی و بجلی اسماعیل قریشی ‘ سابق سیکرٹری شاہد رفیع‘ پیپکو کے سابق ایم ڈی طاہر بشارت چیمہ کو ملزمان نامزد کر کے ان کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آر پی پیز کے مزید 3 کیسز کی تحقیقات تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں جن میں سمندری روڈ‘ نوڈیرو ون (سندھ)‘ بکھی شیخوپورہ پاور پروجیکٹ جبکہ ریشما‘ شرقپورپاور پروجیکٹ‘ گلف رینٹل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی اسلام آباد بیورو اس وقت 96 کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے جن میں مضاربہ سکینڈل سب سے اہم ہے ۔

اب تک مضاربہ سکینڈل میں 8 ریفرنس تیار کئے گئے ہیں 14کیسوں پر تحقیقات جاری ہیں ۔ نیب کو اب تک 42889 شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ مضاربہ کیس میں1.734 بلین کی ریکوری کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔ مضاربہ کیس میں 7 ریفرنسز عدالتوں کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے ملزمان کو مفرور ہیں انہیں فوری طور پر گرفتار کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں تمام کیسز کی تحقیقات شفاف طریقے سے میرٹ پر کی جائیں اور کسی کیخلاف بغیر ثبوت کے کارروائی نہ کی جائے۔ کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب کو موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور نیب کے افسران کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :