جعلی سابق کرکٹرکی پروگرام میں شرکت ،بی بی سی نے تحقیقات کا آغاز کردیا

منگل 17 مارچ 2015 11:26

جعلی سابق کرکٹرکی پروگرام میں شرکت ،بی بی سی نے تحقیقات کا آغاز کردیا

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء)جعلی سابق کرکٹرکی پروگرام میں شرکت ،بی بی سی نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ایک فراڈ نے دنیا کے بڑے نشریاتی ادارے بی بی سی کو بے وقوف بناتے ہوئے سابق پاکستانی کرکٹر بن کر ان کے کرکٹ شو میں بحیثیت ماہر شرکت کی اور اس کے بدلے ان سے بھاری معاوضہ بھی بٹور لیا۔ندیم عالم بی بی سی ورلڈ نیوز، بی بی سی ایشین نیٹ ورک اور ریڈیو فائیو لائیو پر خود کو سابق کرکٹر ندیم عباسی ظاہر کر کے کرکٹ پنڈت کی حیثیت سے شرکت کرتے رہے۔

ندیم عالم صرف اپنے علاقے کی ٹیم ہڈرزفیلڈ سے کھیلے ہیں اور اس ادارے کے لیے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے وہ سابق ہندوستانی کرکٹر آکاش چوپڑا سے بحث مباحثے بھی کرتے رہے۔جب ندیم عباسی کو اس فراڈ کے حوالے سے علم ہوا تو انہوں نے کھلاڑی کی صحیح سے تصدیق نہ کرنے پر بی بی سی کو خوب لتاڑا۔

(جاری ہے)

برطانوی ادارے ’دی سن‘ کو انٹرویو میں ندیم عباسی نے کہا کہ اگر مجھے کبھی ندیم عالم ملا تو میں پاکستانی کی ساکھ متاثر کرنے پر اس کو مکا جڑ دوں گا۔

’بی بی سی ایک بڑا ادارہ ہے اور انہیں یقیناً اس بات کو چیک کرنا چاہیے تھا؟۔اس موقع پر ’دن سن‘ نے ندیم عالم سے بھی گفتگو کی اور انہوں نے کہا کہ اب میں مزید ’ندیم عباسی‘ بن کر ٹاک شو میں نہیں بیٹھ رہا، لیکن مجھے یہ سوچنا اچھا لگتا ہے کہ میں کرکٹ کے بارے میں اچھی گفتگو کر سکتا ہوں۔اس واقعے کے بعد بی بی سی کے ترجمان نے کہا کہ ہم اصل ندیم عباسی سے معافی چاہتے ہیں اور جو کچھ ہوا ہم اس پر انتہائی سختی سے ایکشن لے رہے ہیں۔