عدالت عالیہ لاہور کا فیصل آباد کے دو شہریوں کو ان کی اراضی کا معاوضہ نہ دینے کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کے الزام میں ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل‘ سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ترقیاتی ادارہ / ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ‘ ایڈیشنل کلیکٹر فیصل آباد اور تحیصلدار فیصل آباد کو 25 مارچ کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہو کر جواب داخل کرانے کا حکم

منگل 17 مارچ 2015 16:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) عدالت عالیہ لاہور نے فیصل آباد کے دو شہریوں کو ان کی اراضی کا معاوضہ نہ دینے کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کے الزام میں ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل‘ سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ترقیاتی ادارہ / ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ‘ ایڈیشنل کلیکٹر فیصل آباد اور تحیصلدار فیصل آباد کو 25 مارچ کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہو کر جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء کے مطابق عدالت عالیہ لاہور میں بشیر احمد‘ محمد رفیق نے 2000 میں ایک رٹ درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا فیصل مارکیٹ ڈچکوڈ روڈ پر واقع اس کی اراضی پر ضلعی انتظامیہ نے زبردستی قبضہ کر لیا ہے اور اس اراضی کی انہیں مارکیٹ کے مطابق قیمیت بھی ادا نہ کی گئی۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے بعد کلیکٹر فیصل آباد‘ ڈائریکٹر ایف ڈی اے اور دیگر اداروں جنہوں نے آپریشن کر کے ملکیتی جگہ کو مسمار کیا تھا انہیں مناسب قیمت ادا کرنے کا حکم دیا مگر انتظامیہ نے عدالت عالیہ کے حکم پر عمل نہ کرتے ہوئے درخواست دہندہ کو ادائیگی نہ کی جس پر بشیر احمد محمد رفیق نے اپنے وکیل کی وساطت سے عدالت عالیہ لاہور میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت عالیہ کے جج جسٹس شجاعت علی خان نے ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل‘ لیاقت علی چٹھہ اور دیگر افسران کو توہین عدالت کی درخواست پر جواب دہی کے لئے 25 مارچ کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔