دباؤ آسٹریلیا پر ہوگا، سرفراز

منگل 17 مارچ 2015 18:59

دباؤ آسٹریلیا پر ہوگا، سرفراز

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) ان فارم پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کوارٹر فائنل میں دباؤ آسٹریلیا پر ہوگا جبکہ وہ اس میچ میں جارحانہ حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے۔ 27 سالہ کیپر نے اتوار کے روز اہم میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی تھی جس نے پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سرفراز نے کہا کہ فیورٹ اور مہمان ٹیم ہونے کے باعث آسٹریلیا پر بہت دباؤ ہوگا۔ سرفراز نے منگل کے روز کہا 'میرے خیال سے پریشر ان پر ہے، ہم انہیں پر اٹیک کرنے کی کوشش کریں گے اور مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔' انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہمیشہ ہی میچ مشکل ہوتا ہے تاہم ہم نے حال ہی میں انہیں متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز میں ہرایا ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کا باؤلنگ اٹیک شاندار ہے تاہم ہمارے پاس بھی تین بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلرز جن کی مدد سے تیاری کی جارہی ہے۔

سرفراز نے کہا 'میں نے پہلے بھی اسٹارک کے خلاف متحدہ عرب امارات میں بیٹنگ کی ہے اور اس کا فوٹیج دیکھ کر جمعے کے میچ کے لیے تیاری کروں گا۔ میرا مقصد پاکستان کا اچھا آغاز دینا ہوگا' سرفراز نے یو اے ای سیریز کے تین ایک روزہ میچوں میں 34، 65 اور 32 رنز اسکور کیے تھے تاہم پاکستان کو ان تینوں میچز میں شکست ہوئی تھی۔ وکٹ کیپر نے کہا کہ ایڈیلیڈ کی وکٹ صرف آسٹریلیا ہی کے لیے سازگار نہیں بلکہ پاکستان بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

'دوسری کنڈیشنز میں کھیلنے کا پریشر مختلف ہوتا ہے اور شائقین میزبان ٹیم کے ساتھ ہوتے ہیں لیکن مجھے یاد ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ایڈیلیڈ کی پچ پاکستان کے لیے اچھی ہے۔' انہوں نے اعتراف کیا کہ ورلڈ کپ میں چار فتوحات کے بعد پاکستان کے حوالے سے توقعات بڑھ گئی ہیں ۔ 'میں شہزاد کے ساتھ اوپن کرتا ہوں اور ٹیم کو اچھا آغاز دینے کا دباؤ ہوتا ہے تاکہ بعد میں آنے والے بیٹسمین اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔

سنچری اسکور کرنے کے بعد میرا اعتماد بڑھا ہے اور میں اچھا محسوس کررہا ہوں۔' 'پچھلے دو میچوں میں میری کارکردگی اچھی رہی ہے کیوں کہ اس سے ٹیم میچ جیتی لیکن ہم زیادہ آگے کے بارے میں (ورلڈ کپ جیتنے) نہیں سوچ رہے۔ لڑکے بہت محنت کررہے ہیں اور میں کوشش کروں گا کہ میری فارم برقرار رہے اور پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کروں۔'

متعلقہ عنوان :