سرفرازاحمد پرفارم کرگیا توآسٹریلیا سے جیت کے امکانات بڑھ جائیں گے، رمیز راجہ

بدھ 18 مارچ 2015 11:00

سرفرازاحمد پرفارم کرگیا توآسٹریلیا سے جیت کے امکانات بڑھ جائیں گے، ..

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اگر وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز نے آسٹریلیا کے خلاف پرفارم کردیا تو پاکستان کے جیتنے کے امکانات بہت بڑھ جائیں گے۔ایک انٹرویو میں رمیز کا کہنا تھا کہ سرفراز نے اپنے بلے سے سب کو جواب دیا ہے اور ان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے، حیران تھا جب انہیں سیلیکٹ نہیں کیا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس سرفراز کی صلاحیت کو بھانپ نہیں سکے۔سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز کے کھیل کی سب سے بہترین بات یہ ہے کہ وہ سنگل ڈبل بھی لیتے ہیں، وہ ایسے کھلاڑی نہیں جو چوکے مارکے باقی ساری گیندیں روک لیں، وہ چوکے کے بعد سنگل بھی نکالتے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سارا دباوٴ آسٹریلیا پر ہوگا کیوں کہ انہیں ٹورنامنٹ کے شروع سے ہی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا آسٹریلیا ایسی ٹیم ہے جو آپ پر حملہ کرتی ہے اور اگر آپ ان کے خلاف پہلے کھیلے ہوئے نہیں تو وہ آپ کو دم نہیں لینے دیتے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف تجربہ کار بلے باز یونس خان کو ٹیم میں شامل کرنا چاہیے اور وہ دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے مقابلے میں پریشر کو بہتر انداز میں جھیل سکتے ہیں۔لیگ اسپنر یاسر شاہ کی عدم شمولیت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ فاسٹ باوٴلر کے متبادل کے طور پر یاسر کو ٹیم میں شامل کرنے کے موڈ میں نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ کی وکٹ سے ہم آہنگ ہوگئی ہے جبکہ اگر آسٹریلیا سے جیت پر سیمی فائنل ہندوستان کے خلاف کھیلے تو پریشر انڈین ٹیم پر چلا جائے گا۔انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :