پاکستان سے دہشتگردی ختم کرنے ، موجودہ بگاڑ کو روکنے اور امن وسکون کیلئے ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ضروری ہے‘ مقررین

بدھ 18 مارچ 2015 13:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نبی رحمت ﷺ کے حضور اپنی محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کی تشریف آوری عالم اسلام کیلئے ان گنت سعادتوں، بیشمار برکتوں، بے حساب رحمتوں، انمول دولتوں اور لاتعداد محبتوں کا خزینہ ہے۔ کانفرنس کی صدارت بزم قرشی پاکستان کے چیئرمین حکیم محمد اعجاز فاروقی نے کی۔

معروف نعت خواں حافظ مرغوب احمد ہمدانی،قاری افضال انجم،محمد ظریف بھٹی اور حکیم فرزند علی نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی جبکہ پروفیسر حکیم منیر احمد شکوری اور ظریف بھٹی کی دستار بندی کی گئی۔ کانفرنس میں حکیم غلام مرتضیٰ مجاہدنے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ تقریب میں پروفیسر وید محمد جمیل، پروفیسر سلیم احمد خان، انجینئرسلیم صابر، حکیم عمران فیاض،حکیم احمد حسن نوری،حکیم افضل میو، حکیم حامد محمود، حکیم محمد احمد سلیمی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ آج دنیا کے مسلمانوں کا امن و سکون غارت ہوچکا ہے۔آج پوری دنیا کے مسلمان دہشتگردی اور طرح طرح کے مسائل کا شکار ہیں اور صہونی طاقتوں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کیلئے اور ملک کو امن وسکون کا گہوارہ بنانے اور موجودہ حالات کے بگاڑ کوروکنے کیلئے نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ از حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ سرکار دوعالم ﷺ نے اس دنیا میں تشریف لاکر ایسا انقلاب پیدا کیا جس کی نظیر اس سے قبل دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔آپ ﷺ نے قوموں کا ذہن بدل دیا، اخلاق کی قدریں بدل دیں،فکر کے زاویے بدل دیئے،قوموں کا ذہن بدل دیا۔غرض حضور سراپا نور کی اس دنیا میں تشریف آوری سے ہدایت کا وہ سورج طلوع ہوا کہ ہرسو روشنی ہی روشنی پھیل گئی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس جشن مسرت کے موقع پر حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کریں۔

متعلقہ عنوان :