پاکستان کو ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک کرنے کا تہیہ کرلیا، آپریشن بغیر کسی خوف کے ہر حال میں جاری رکھے جائیں ،راحیل شریف، عوام کی طرف سے مشتبہ دہشتگردوں کی نشاندہی بہت اہم ہے ، پاک فوج تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تربیت اور استعداد کار کے فروغ کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے، آرمی چیف ،مختلف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے پانچ سو اہلکاروں نے پبی ہلز میں نئے قائم کئے گئے نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر میں تربیت مکمل کر لی

بدھ 18 مارچ 2015 19:06

پاکستان کو ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک کرنے کا تہیہ کرلیا، آپریشن بغیر ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2015ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان کو ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی طرف سے آپریشن بغیر کسی خوف کے ہر حال میں جاری رکھے جائیں ، عوام کی طرف سے مشتبہ دہشتگردوں کی نشاندہی بہت اہم ہے ، پاک فوج تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تربیت اور استعداد کار کے فروغ کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے ۔

بدھ کو آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق مختلف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے پانچ سو اہلکاروں نے پبی ہلز میں نئے قائم کئے گئے نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر میں تربیت مکمل کر لی۔ تمام اہلکاروں کو پاک فوج کے ٹرینرز کی طرف سے تربیت دی گئی ہے ۔ تربیت مکمل کرنیوالوں میں مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے ایلیٹ اور پولیس کے دو سو اہلکار ، ایف سی رینجرز ، ایس پی ڈی اور اے این ایف کے 200 اہلکار اور پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے 100 سابق اہلکار شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

فوج اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار صوبوں کے داخلہ سیکرٹری بھی تقریب میں موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی عمل سے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات حاصل ہو سکے گی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تربیت اور انکی استعداد کار کے فروغ کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے تاکہ شہری اور دیہاتی علاقوں میں دہشتگردوں کا ٹھکانوں تک پیچھا کر کے انہیں نشانہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جہاں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اہلکاروں کو تربیت دے رہے ہیں وہاں عوام کی طرف سے مشتبہ دہشتگردوں کی نشاندہی نہایت اہمیت کی حامل ہے تاکہ انٹیلیجنس میکنزم مربوط ہو سکے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے آئیے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کریں انہوں نے ہدایت کی کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن بغیرکسی خوف کے ہر حال میں جاری رکھے جائیں ۔