پاکستان بھارت سمیت کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا‘ اعزاز احمد ، بھارت بین الاقوامی سیاست میں اہمیت حاصل کر رہا ہے اور امریکہ سے بھی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے،پاک بھارت تعلقات کو پروان چڑھانے کے لئے دونوں ممالک کو معاشی تعلقات اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہو گا‘سیکرٹری خارجہ پاکستان

بدھ 18 مارچ 2015 19:57

پاکستان بھارت سمیت کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا‘ اعزاز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2015ء) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت دنیا کے کسی بھی ممالک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساوتھ ایشین سٹڈیز، شعبہ سیاسیات اور لاہور کونسل فار ورلڈ افئیرز کے زیر اہتمام ”پاک بھارت تعلقات کا مستقبل “ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کی جبکہ اس موقع پر شعبہ کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی سیاست میں اہمیت حاصل کر رہا ہے اور امریکہ سے بھی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کو پروان چڑھانے کے لئے دونوں ممالک کو معاشی تعلقات اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہو گا۔

اس موقع پر انہوں نے پاک بھارت تعلقات میں اتار چڑھاو اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر مفصل روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ مسلمان تخلیق علم میں پیچھے رہ گئے ہیں جبکہ بھارت اس میدان میں پاکستان سے کہیں آگے نکل گیا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال جواب کا طویل سیشن منعقد کیا گیا۔