کلیم کوکلفٹن میں واقع گلف شاپنگ مال میں انکی ٹیلرنگ کی دکان سے 25فروری کو گرفتارکیاگیاتھا، ترجمان ایم کیوایم ، کلیم کی گرفتاری کے خلاف انکی والدہ نے 26فروری کو سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی

بدھ 18 مارچ 2015 21:49

کلیم کوکلفٹن میں واقع گلف شاپنگ مال میں انکی ٹیلرنگ کی دکان سے 25فروری ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ رینجرزکی جانب سے آج تین تلوارپرسرچ آپریشن کرکے ایم کیوایم کے کارکن عبدالکلیم کوگرفتارکرنے کا دعویٰ کیا گیاہے اورکلیم کوزہرہ شاہدکے قاتل کے طورپرپیش کیاگیا حقیقت یہ ہے کہ عبدالکلیم کی کلفٹن کے علاقے میں واقع گلف شاپنگ مال میں اپنی ٹیلرنگ کی دکان ہے اورکلیم کو رینجرز نے 25فروری کوان کی دکان سے گرفتارکیا تھااور گرفتاری کے بعدنامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھااورکسی عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔

عبدالکلیم کی گرفتاری پر ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں نے رینجرزکے مقامی افسران سے رابطہ بھی کیاتھا۔ عبدالکلیم کی گرفتاری کے خلاف ان کی والدہ محترمہ قافیہ بیگم نے 26فروری کو سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جس کا نمبر1078/2015-DTD ہے ۔

(جاری ہے)

اس پٹیشن کی سماعت کیلئے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس علیم شیخ اورجسٹس محمداقبال کلہوڑو پر مشتمل بینچ تشکیل دیا جاچکا ہے اورکل مورخہ 19مارچ کو اس پٹیشن کی سماعت ہے لیکن یہ امر انتہائی حیرت انگیزاورافسوسناک ہے کہ عبدالکلیم کی گرفتاری آج ظاہر کی گئی ہے اوریہ الزام لگایاگیاہے کہ وہ زہرہ شاہدکے قتل میں ملوث ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ان حقائق کی روشنی میں عوام خوداندازہ لگاسکتے ہیں کہ کلیم پر عائد کئے جانے والے الزامات میں کتنی صداقت ہوسکتی ہے ۔ترجمان نے میڈیاسے بھی گزارش کی کہ وہ بھی ان حالات میں ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے ان واقعات کی خودبھی تحقیق کرے ،پولیس اورسرکاری اداروں کی جاری کردہ پریس ریلیز کی بنیادپر ایم کیو ایم کے میڈیاٹرائل سے گریزکرے اورکسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزام کی بنیادپرکسی فردکومجرم بناکرپیش نہ کرے۔