شاہینوں کی آسٹریلوی باوٴلرز سے مقابلے کیلئے خصوصی ٹریننگ

جمعرات 19 مارچ 2015 14:04

شاہینوں کی آسٹریلوی باوٴلرز سے مقابلے کیلئے خصوصی ٹریننگ

ایڈیلیڈ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) تیسرے کوارٹر فائنل میں شاہین کینگروز پر چھپنے کیلئے تیار کل ایڈیلیڈ میں سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے میدان سجے گا ،پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کواٹر فائنل مقابلے سے پہلے پاکستان کے نوجوان بلے بازوں احمد شہزاد، عمر اکمل اور صہیب مقصود نے خصوصی بیٹنگ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاوراور نائب کوچ شاہد اسلم بدھ کو ٹیم پریکٹس کیلئے طے شدہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے ایڈیلیڈ اوول کے نیٹ ایریا پہنچے، جہاں انہوں نے جمعہ کو ناک آوٴٹ میچ میں آسٹریلین فاسٹ باوٴلرز سے نمٹنے کیلئے تینوں بلے بازوں کو خصوصی تربیت دی۔ورلڈ کپ کے سب سے کامیاب باوٴلر مچل سٹارک، سینئر مچل جانسن اور جیمز فالکنر پاکستانی بلے بازوں کیلئے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی لھڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تینوں بلے بازوں کو اس خصوصی تربیتی سیشن میں باوٴلنگ مشین کے ذریعے مختلف رفتار پر گیندیں کھلانے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پریکٹس کیلئے موجود مختلف طریقوں کا سہارا لیا گیا۔شہزاد، عمر اور صہیب کو ایک بڑی ماربل ٹائل پر شارٹ پچ باوٴلنگ کرائی گئی تاکہ وہ جانسن، سٹارک، فالکنر اور پیٹ کیمز کا سامنا کرسکیں۔

پریکٹس سیشن کے دوران تینوں بلے بازوں نیکچھ جان دار پْل اور ہک شارٹس بھی کھیلے۔اس موقع پر وقار یونس نے بتایا کہ تیز باوٴلرز کا سامنا کرنے کیلئے اس طرح کی پریکٹس کوئی نئی بات نہیں۔'تینوں بہت باصلاحیت بلے باز ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ وہ اس بڑے مقابلے میں کچھ بڑا کر کے دکھائیں'۔وقار یونس کا ماننا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ کافی مضبوط ہے۔ پر امید کوچ کے مطابق ان کے بلے باز اچھی کارکردگی کے باعث میزبان آسڑیلیا کو شکست دے دیں گے۔بدھ کو دونوں ٹیموں نے تین گھنٹوں پر مشتمل سخت پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔