اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 30سے زائد شکایات کا ازالہ کر دیاہے‘ افضال بھٹی

جمعرات 19 مارچ 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 81شکایات درج کروائی گئی ہیں جن میں سے 30کے قریب حل ہو چکی ہیں جبکہ 50کے قریب شکایات پرتیزی سے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

یہ بات کمشنر اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ وفاقی وزارت اوورسیز کے تعاون سے بیرون ملک مقیم ایسے پاکستانی جن کے قومی شناختی کارڈکی مدت ختم ہو چکی ہو وہ بغیر کسی دشواری کے شناختی کارڈ کی تجدید کیلئے پاکستان آنے کی اجازت دینے اور اس کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سفارتی دفاتر میں نادرا اور پاسپورٹ حکام کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

افضال بھٹی نے کہا کہ گزشتہ 20روز کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 81شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 30کے قریب حل ہو چکی ہیں جبکہ 50کے قریب شکایات پرتیزی سے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان شکایات میں 31پولیس اور 50ریونیو اوردیگر مختلف اداروں سے متعلق ہیں۔کمشنر اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات فوری حل کر کے 15روز میں اوور سیز کمیشن پنجاب کو رپورٹ بھجوانے کے پابند ہیں اور اس میں بلا وجہ تاخیر کرنے والے محکموں کے افسران واہلکارن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست موصول ہونے کے بعد اس پر ہونے والی تمام کارروائی کو ایک جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے اور ازالے کے بعد شکایت کنند ہ کو ایک ماہ کے قلیل عرصہ میں شکایت کے حل ہو جانے کے بارے میں آگاہ کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز کی شکایات دنیاکے کسی بھی کونے سے ای میل کے ذریعے ویپ پورٹل پر رجسٹرڈ ہو کر درج کروا سکتے ہیں اور ان شکایات کا سٹیٹس اور ازالہ کے حوالے سے مکمل تفصیلات بھی اس سسٹم کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ بھی اس جدید سسٹم کے ذریعے پنجاب اوور سیز کمیشن سے منسلک ہیں جس کے ذریعے کسی بھی ضلع سے متعلقہ اوور سیز پاکستانی کی شکایت کو براہ راست کمیشن مانیٹر کرتاہے ۔

متعلقہ عنوان :