چین نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے شعبوں میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے‘شہبازشریف

جمعرات 19 مارچ 2015 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

پاک چین دوستی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،شہد سے میٹھی،فولاد سے زیادہ مضبوط اور سمندر سے زیادہ گہری ہے۔ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دریچے کھل رہے ہیں اور چینی قیادت نے پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے دیرینہ رشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی و معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں، بلاشبہ دوستی کے یہ مضبوط رشتے سودمند معاشی تعلقات میں بدل چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ہر شعبہ میں ترقی دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ توانائی , ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں پاکستان اور چین میں وسیع تر تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان کے عوام کو چین کی دوستی پر ناز ہے جو آزمائش کے ہر معیارپر ہمیشہ پوری اتری ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کا تعاون ہمارے لیے قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے محنت اور جدوجہد کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں اورچین دنیا کی ایک بہت بڑی معاشی قوت بن چکاہے۔ اقوام عالم کیلئے چین کی تیزرفتار ترقی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ملکو ں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ،جس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔

چین کے سفیر سن ویڈانگ نے کہا کہ پاک چین معاشی و اقتصادی تعاون میں اضافہ ہورہا ہے اور چین پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں متعدد ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے ہیں جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ بلاشبہ شہباز شریف ایک فعال اور متحرک وزیراعلیٰ ہے،جو عوام کی فلاح وبہبود کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔ شہباز شریف کی محنت اور عزم سے چینی قیادت بھی متاثر ہے۔

متعلقہ عنوان :