دینی مدارس طلبہ کو حب الوطنی کادرس دیتے ہیں ان کیخلاف اغیار کی سازشیں ہورہی ہیں‘ ڈاکٹر سید وسیم اختر،

ہمیں وحدت کے پیغام کوعام کرتے ہوئے رنگ ونسل اور علاقائیت کے بت پاش کرنے ہونگے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 19 مارچ 2015 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی و امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم امت واحدہ کے عملی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے علاقائی ،لسانی، اور مسلکی گروہ بندیوں کی بجائے اسلام کے غلبہ کے لیے ایک امت بن جائیں، وحدت کے پیغام کو لے کر رنگ و نسل اور علاقائیت کے بت پاش پاش کرنے ہوں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز جامعہ اسلامیہ احیاء العلوم میں جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتما م ہونے والے اتحاد امت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ امت مسلمہ اور عالم کفر کے درمیان صلیبی جنگ جاری ہے اور میدانوں میں لڑی جانے والی یہ جنگ آج پورے شعبہ زندگی میں لڑی جاری ہے انہوں نے کہا کہ مساجد اور مدارس پر اعتراض کرنے والے حکمرانوں کو مغربی ایجنڈے پر عمل پیرا این جی اوز نظر نہیں آتیں ۔

(جاری ہے)

ملک عزیز میں اس وقت امریکی سسٹم کے تابع تعلیمی ادارے چل رہے ہیں جو کہ ہماری نئی نسل کے ذہنوں کو آلودہ کررہے ہیں ملک میں سب سے زیادہ مدارس جنوبی پنجاب میں ہیں اور الحمدللہ یہ تمام ادارے دہشت گردی جیسے ناسورسے پاک ہیں۔مدارس اس ملک قرآن و سنت کے پیغام کو لے کر امن و آتشی کا درس دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی معاشی ،خارجہ اور داخلہ پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہورہی ہیں۔

ملک میں تعلیمی نظام معاشرے کو طبقاتی بنیادوں پر تقسیم کررہا ہے۔ قوم نے اگر جماعت اسلامی کو موقعہ دیا تو ہم ایک ہی تعلیمی نظام بنائیں گے جس میں پاکستان کی تمام زبانوں میں تعلیم دی جائے گی امیر اور غریب کا فرق مٹا دیا جائے گا۔ پاکستان کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے کیونکہ اسلامی نظام کے قیام میں ہی ہماری تما م مشکلات اور مصائب کا حل ہے ۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی سیکریٹری جنرل الطاف کشمیری نے کہا کہ ملک کے دینی مدارس طلبہ کو حب الوطنی کا درس دیتے ہیں ان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈہ اغیار کی سازش ہے۔ امت کی امید وں کا مرکز مدارس ہیں کنونشن سے جماعت اسلامی ضلع بہاولپور کے امیر ڈاکٹر محمد اشرف ،سنی کونسل بہاولپور کے ضلعی امیر مفتی ارشاد احمد، جمعیت اہلحدیث کے شیخ عبدالطیف ،تحریک نظام مصطفی کے پروفیسر عون محمد سعیدی ،مولانا راؤمنور حسین اور حافظ عبدالسلام نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :