صنعت سازی کاعمل تیز اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتی شعبے کو سستے قرضوں کی فراہمی بہت ضروری ہے‘اعجاز اے ممتاز،

سٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ کی شرح کم کرکے صنعتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے‘صدر لاہور چیمبرکا بیان

جمعرات 19 مارچ 2015 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ کی شرح کم کرکے صنعتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے جس سے حکومت کے محاصل بڑھیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اگرچہ گذشتہ مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ کی شرح کم کرکے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اچھا قدم اٹھایا مگر صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے کافی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک ممالک کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسکاؤنٹ ریٹ کی شرح میں مزید کم از کم دو فیصد کمی لانا بہت ضروری ہے تاکہ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو، کاروباری شعبے میں استحکام آئے اورتجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعت سازی کا عمل تیز اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی شعبے کو سستے قرضوں کی فراہمی بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف بحرانوں نے صنعتی شعبے کو بہت بْری طرح متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ڈسکاؤنٹ ریٹ کی زیادہ شرح کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہوا ہے اور اگر زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو نہ صرف صنعت اور معیشت کے مسائل مزید بڑھیں گے بلکہ مالی خسارہ بھی بڑھے گا جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان زمینی حقائق کو مدّنظر رکھتے ہوئے ڈسکاؤنٹ ریٹ کی شرح میں کم از کم دو فیصد کمی کرے جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔

متعلقہ عنوان :