Live Updates

گورنر سندھ عشرت العبادکو فوری طور پر ان کے عہدے سے الگ کر کے تحقیقات مکمل کی جائیں ، شیریں مزاری،

کراچی میں آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے، قتل و غارت گری کرنے اور شہر کے امن کو تاراج کرنے والی قوتوں کی بیخ کنی کیے بغیر امن کا قیام ممکن نہ ہو سکے گا،ترجمان تحریک انصاف

جمعرات 19 مارچ 2015 21:13

گورنر سندھ عشرت العبادکو فوری طور پر ان کے عہدے سے الگ کر کے تحقیقات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے صولت مرزا کے بیان کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عشرت العبادکو فوری طور پر ان کے عہدے سے الگ کر کے تحقیقات مکمل کی جائیں اور اسے قوم کے سامنے رکھا جائے۔ مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے بیان کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے عشرت العباد کی گورنر سندھ کے عہدے پر موجودگی تحقیقات متاثر کر سکتی ہے، چنانچے انہیں فوری طور پر ان کے عہدے سے الگ کیا جائے اور صولت مرزا کے بیان کے تمام پہلوؤں کی مفصل اور جامع تحقیقات فوری طور پر مکمل کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی میں قتل و غارت گری کرنے اور شہر کے امن کو تاراج کرنے والی قوتوں کی بیخ کنی کیے بغیر امن کا قیام ممکن نہ ہو سکے گا۔ ان کے مطابق صولت مرزا کے بیان نے کراچی میں بدامنی اور دہشت گردی کی نوعیت کے حوالے سے نہایت اہم پہلوؤں پر سے پردہ ہٹایا ہے چنانچہ وفاقی و صوبائی حکومت پر لازم ہے کہ وہ کسی قسم کی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر ان تمام امور کی موثر تحقیقات کریں اور کراچی میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ ان کے مطابق اگر گورنر کا عہدہ آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے تو عشرت العباد کو اس عہدے سے فور طور پر الگ کر کے معاملے کو مکمل کیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات