پاکستان کو آسٹریلیا کیخلاف جارحانہ حکمت عملی سے حملہ کرنا ہوگا، انضمام الحق

جمعرات 19 مارچ 2015 22:00

پاکستان کو آسٹریلیا کیخلاف جارحانہ حکمت عملی سے حملہ کرنا ہوگا، انضمام ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو فتح کے لیے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ گرین شرٹس جمعے کے روز ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں مدمقابل ہوگی۔ آئی سی سی کے لیے لکھے گئے اپنے کالم میں انضمام نے کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی انجری پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا جھٹکا ہے تاہم پاکستان کے پاس وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اور سہیل خان کی صورت میں اچھا پیس باؤلنگ اٹیک ہے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے اس حصے میں ان کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات کم ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق چار فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں اور اگر یاسر ٹیم مینجمنٹ کی پلاننگ میں شامل ہوتے تو انہیں گروپ اسٹیج کے کم از کم دو میچز ضرور کھلائے جاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجربہ کار بلے باز یونس خان کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہے اور ٹیم مینجمنٹ حارث سہیل کو نمبر تین پر کھلانا چاہتی ہے، انہیں موقع دینے سے پاکستان کو چھٹے باؤلر کا بھی آپشن مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوارٹر فائنل میں اپنے وننگ کامبینیشن کو برقرار رکھنا چاہیے اور آسٹریلیا پر جارحانہ حکمت عملی سے حملہ کرنا چاہیے۔ انضمام الحق نے پاکستانی بیٹنگ پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز فلو میں نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی باؤلنگ نے دو مرتبہ 250 سے کم اسکور کا دفاع کیا ہے تاہم آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ کے سامنے شاید یہ مجموعہ کم پڑجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آغاز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کرنی چاہیے اور سرفراز اور احمد شہزاد ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پاکستانی ٹیم ایک اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائیکل کلارک ایک جارحانہ کپتان ہیں اور مصباح کو ان کے جارحانہ انداز کا سامنا جارحانہ طریقے سے ہی کرنا ہوگا۔ انضام کا مزید کہنا تھا کہ عرفان کی انجری کے بعد آسٹریلیا میچ کے لیے فیورٹ ہے اور جیت کے لیے دباؤ پاکستان پر نہیں، آسٹریلیا پر ہوگا، پاکستان کے پاس ہارنے کو کچھ نہیں۔

متعلقہ عنوان :