Live Updates

جھوٹے معاشرے میں سچ نہیں بکتا تبدیلی تقریروں ، تبصروں سے نہیں سڑکوں پر نکلنے سے آئے گی ‘ شیخ رشید احمد ،

نواز شریف رخصت ہوتے وقت کرپٹ لوگوں کو نوازتے ہیں ،پاکستانی سیاستدان اپنے کفن پر بھی جیبیں لگواتے ہیں، قومی کردار نام کی کوئی چیز ہوتی تو طاہر القادری اور عمران خان آج اقتدارمیں ہوتے‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی خطاب ، میڈیا سے گفتگو ، کسی کی ذاتی خواہش پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا ،الطاف حسین تو فوجی آپریشن کی بات کرتے تھے یہ تو رینجرز کا آپریشن ہے‘ قمرزمان کائزہ ، دولت والوں کی سیاست کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں، قانون قدرت ہے ایک جیسا منظر مستقل قائم نہیں رہتا‘غلام مصطفی کھر کا خطاب

جمعرات 19 مارچ 2015 23:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قومی کردار نام کی کوئی چیز ہوتی تو ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان آج اقتدارمیں ہوتے، اگلی باری الطاف حسین کی حمایت کا اعلان کرنے والے کی اور آخری میاں نواز شریف کی ہو گی جنہوں نے گاجریں کھائیں صرف ان کے پیٹ میں درد ہے تاہم فوج کے پاس درد کی پھکی بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین القادری کی زیر صدارت بزم منہاج کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان انٹر کالجز تقریری مقابلہ جات کی اختتامی تقریب سے خطاب اور بعد ازوں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بزم منہاج انٹر کالجز مقابلوں کی اختتامی تقریب سے ڈاکٹر حسین محی الدین ،سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری فرید پراچہ اور خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کیا تاہم تقریب کے مہمان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ فلائٹ لیٹ ہونے پر تقریب میں تاخیر سے پہنچے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کئی دنوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوں یہ مہینہ اور سال بڑا اہم ہے نواز شریف رخصت ہوتے وقت کرپٹ لوگوں کو نوازتے ہیں کینیڈا کے ہائی کمشنر کی تقرری اسی روایت کا حصہ ہے پاکستانی سیاستدان اپنے کفن پر بھی جیبیں لگواتے ہیں۔ جھوٹے معاشرے میں سچ نہیں بکتا تبدیلی تقریروں ، تبصروں سے نہیں سڑکوں پر نکلنے سے آئے گی جنازہ اٹھانے کیلئے چار لوگ ضروری ہوتے ہیں اور وہ میری جماعت میں ہیں پاکستان واحد ملک ہے جس کے سارے لیڈر 60سال کی عمر سے اوپر ہیں۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ شیخ رشید بادشاہ آد می ہیں کسی کی ذاتی خواہش پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا تاہم پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو ایک سیاسی حقیقت سمجھتی ہے جہاں تک جرائم کا تعلق ہے تو اس کا جواب ایم کیو ایم کو دینا ہے ۔ ایم کیو ایم کسی ادارے کو نشانہ نہ بنائے جہاں مجرم ہونگے وہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے جائینگے۔

آپریشن کا فیصلہ متفقہ ہے الطاف حسین تو فوجی آپریشن کی بات کرتے تھے یہ تو رینجرز کا آپریشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری پڑھی لکھی نوجوان نسل کو پروان چڑھارہے ہیں ان کا علمی، فکری کردار قابل تحسین ہے۔ غلام مصطفی کھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دولت والوں کی سیاست کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں، قانون قدرت ہے ایک جیسا منظر مستقل قائم نہیں رہتا۔

جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ نے کہا کہ ملک سے غربت ،جہالت، دہشت گردی اور لوٹ مار کا نظام بدلنے کیلئے پڑھے لکھے مڈل کلاس اور لویئر مڈل کلاس کے لوگوں کو یکجان ہونا ہو گا۔تقریب کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے اول، دوئم اور سوئم آنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ خرم نواز گنڈا پور نے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ آنے پر خوش آمدید کہا، بزم منہاج کے منتظمین میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، کامران صدیق نوری، صابر حسین نقشبندی، الطاف سلطانی ،ذیشان طاہر شامل تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات