ٹیوٹا نے پیشہ ورانہ کوکنگ کورس میں 1200 افراد کو تربیت دیدی ‘ عرفان قیصر شیخ

جمعہ 20 مارچ 2015 13:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹا نے پیشہ ورانہ کوکنگ کورس میں 1200 افراد کو تربیت دیدی ،6 ماہ دورانیہ کا کورس کامیابی سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ میں شروع ہے ،کوکنگ کورس کے پاس آؤٹ اپنا کاروبار،ملک و بیرون ملک ہوٹل / ریستوران میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال کر رہے ہیں، قابل ذکر ہوٹل / ریستوران میں سرینا، پرل کانٹی نینٹل، ہاسپیٹلیٹی ان ہوٹل، آواری، رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب، ڈیفنس کلب سمیت دیگر معروف ہوٹل / ریستوران کے علاوہ دبئی، ملائیشیا، تھائی لینڈ، جنوبی افریقہ میں خدمت کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں کوکنگ کورس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرزحامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد، عبدالقیوم اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ اس کوکنگ کورس کو ریسٹورینٹ شعبے میں ماہر افرادی قوت کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا گیا ۔

اس کورس سے نہ صرف غریب طبقے نے بلکہ ملازمت حاصل نہ کرنے والے اعلی قابلیت کے حامل افراد کوبھی ٹریننگ دی گئی ہے تاکہ ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد ہنر مند روزگار کے قابل ہو سکیں ۔ ہوٹل اور ریستوران کی صنعت نے ہمارے پاس آؤٹ کی سروسز استعمال کر کے مثبت فیڈ بیک دیا ہے اور ٹیوٹا کی جانب سے شروع کئے گئے کورس کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس کورس میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوان مردوں اور عورتوں کو صوبہ پنجاب کے علاوہ علاقائی ثقافت کو مد نظر رکھتے ہوئے ماہر بنایا جاتا ہے ۔

کورس کے دوران ٹریننگ مختلف کھانے پکانے کی تکنیک اپنانے، مشرقی براعظم اور بحیرہ روم کے خوراک کے پکوان کی تیاری پر بھی مرکوز ہے۔ تربیت کے دوران زیر تربیت افرادی قوت کو حفظان صحت کے اعلی ترین معیارات کو برقرار رکھنے ،کھانے کی حفاظت کے عمل،دوران کام حادثے کی روک تھام اور حفظان صحت کے متعلق احتیاطی تدابیر کی آگاہی دی جا تی ہے۔