مصری بیوہ نے انتہائی حیرت انگیز طریقے سے 40 سال تک خاندان کی کفالت کی

جمعہ 20 مارچ 2015 14:38

مصری بیوہ نے انتہائی حیرت انگیز طریقے سے 40 سال تک خاندان کی کفالت کی

مصر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2015ء)لکسر ، مصر، مصری بیوہ کو حکومت نے مثالی ماں کے اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ عورت 40 سال تک خود کو مرد ظاہر کر کے مختلف نوکریاں کر کے اپنی بیٹی کی کفالت کرتی رہی۔ 64 سالہ سیسا ابو داوح اپنے شوہر کی موت کے بعد سے کام کر رہی ہے۔ اس کا شوہر جب فوت ہوا تو اس کی بیٹی ہودا پیدا ہونے والی تھی۔ پہلے وہ شوہر کے کپڑے اور جوتے پہن کر کام کر تی تھی، پھر سر پر پگڑی باندھ کر کا م کرتی۔

(جاری ہے)

اس کا کہنا ہے کہ اس طرح مرد اسے کام کرنے والی عورت سمجھ کر تضحیک کا نشانہ نہیں بناتے تھے۔ سیسا کا کہنا ہے کہ اس نے گلیوں میں بھیک مانگنے سے بہتر سمجھا کہ مرد بن کر کام کرے۔ اس کی آمدنی سے اس کی بیٹی کی کفالت ہوتی رہی پھر اس کے نواسوں کی۔ سیسا نے بتایا کہ اس نے اینٹھیں ڈھوئی، سیمنٹ کے تھیلے اٹھا کر مزدوری کی اور لوگوں کی بھی جوتیاں پالش کی۔سیسا کا کہنا ہے کہ وہ قریبی دیہاتوں میں جا کر کام کرتی ہے تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے۔ وہ اب بھی صبح 6 بجے جاگ کر لکسر اسٹیشن پر جوتے پالش کرتی ہے۔