ڈینگی کی افزائش کا موسم شروع ، تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا

جمعہ 20 مارچ 2015 16:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ہی ڈینگی کی افزائش کا سیزن شروع ہوچکاہے تاہم صوبے میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا،لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ اور دیگر شہروں کے لیے ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کی روک تھام میں فرائض سر انجام دینے کے لیے اضافی سٹاف بھرتی کرنے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، پیراشرف رسول اور کرن ڈار ایم پی ایز کے علاوہ محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، اطلاعات ، اوقاف، کوآپریٹوز، زراعت، آبپاشی، محکمہ ماہی پروری، ماحولیات، ہائر ایجوکیشن ، سکول ایجوکیشن، ہاؤسنگ، سوشل ویلفیئر، پنجاب فوڈ اتھارٹی، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ کمشنر لاہور عبدالله سنبل، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنرگوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ لاہور میں ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کے اجلاس شروع ہوچکے ہیں اور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کا بھی آغاز کردیا گیاہے۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ سٹی ڈسڑکٹ گورنمنٹ نے 1375ڈیلی وبیجزاہلکاربھرتی کرلیے ہیں جو ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں انڈور 41جگہوں سے جبکہ 5آؤٹ ڈور جگہوں سے ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہوئی ہے۔

جسے ختم کردیا گیا۔ ڈاکٹرصومیہ اقتدار نے بتایا کہ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے اب تک ڈینگی مریضوں کی کلینیکل مینجمنٹ میں 1000 ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کردی ہے اور جنرل پریکٹشنرز کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے محکمے کی کارکردگی بارے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹائر شاپس، کباڑخانوں، قبرستانوں، تعمیراتی جگہوں ، نرسریوں اور دیگر مقامات پر ڈینگی سرویلنس کا آغاز کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اوقاف کی مساجد میں علماو اکرام کو جمعة المبارک کے خطبات کے دوران ڈینگی بارے آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھی گیا گیاہے۔ کوآپریٹو سوسائٹیوں، تعلیمی اداروں اور دیگر جگہوں پر عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے سیمینارز، آگاہی واک منعقد کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی نے بتایا کہ صفائی اور ڈینگی کے حوالے سے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ریسٹورنٹس کو 8,22,200روپے جرمانہ کیا گیا اور 17جگہوں کو سیل کیا گیا ہے اور انہیں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ آنے والے مہینوں میں ڈینگی کو قابو میں رکھنے کے لیے زیادہ محنت کے ساتھ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں پر توجہ دی جائے اور صوبے میں نافذ اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ویڈیولنک کے ذریعے کمشنر گوجرانوالہ ، ملتان اور راولپنڈی ڈویژن نے اپنے اپنے ڈویژن میں ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا ۔

کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ ایریا بھی ڈینگی کے لیے بطور ٹاؤن راولپنڈی سٹی ڈسڑکٹ گورنمنٹ نے اپنے ذمہ لے لیا ہے اور اب کینٹ ایریا میں بھی ضلعی حکومت انسدادڈینگی کی سرگرمیاں کرے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ راولپنڈی میں ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ راولپنڈی میں گزشتہ سال کی طرح صورتحال کا سامنانہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :