آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں کینگروزنے شاہینوں کا کام تمام کردیا

جمعہ 20 مارچ 2015 16:36

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں کینگروزنے شاہینوں کا کام تمام کردیا

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں کینگروزنے شاہینوں کا کام تمام کردیا،آسٹریلیا نے پاکستان کو 6وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،پاکستانی بلے بازوں اور فیلڈرزکی شرمناک کارکردگی،راحت علی اور سہیل خان نے اہم موقع پر کیچز چھوڑ کر کینگروزکی فتح یقینی بنادی،پاکستانی ٹیم 50ویں اوور میں 213 رنز بنا کر آوٴٹ ،حارث سہیل41اور مصباح الحق 34رنز بناکر نمایاں، جوش ہیزل ووڈکی 4 ، مچل اسٹارک اور گلین میکس ویل کی 2،2 وکٹیں، آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف باآسانی 34ویں اوور میں حاصل کر لیا، سٹیون سمتھ اور شین واٹسن کی نصف سنچریاں، وہاب ریاض نے دووکٹیں حاصل کیں،آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

جمعہ کو یہاں ایڈیلیڈاوول میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے زیادہ سودمند ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 50ویں اوور میں 213 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، قومی ٹیم کے اپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 20 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 10 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ احمد شہزاد 5 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے، دونوں اوپنرز کے آوٴٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے ٹیم کو سہارا دیا اور 73 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 97 تک پہنچایا تاہم پھر مصباح الحق ہمت ہار گئے اور 34 کے انفرادی اسکور پر گلین میکس ویل کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں باوٴنڈری پر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے چوتھے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جو 112 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر مچل جانسن کا شکار بنے جب کہ عمر اکمل 20 کے انفرادی اسکور پر میکس ویل کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے، شاہد آفریدی ایک بار پھر جارحانہ اننگز کھیلنے کے ارادے سے کریز پر آئے لیکن 23 رنز پر ان کی ہجت بھی تمام ہوئی جب کہ صہیب مقصود بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 188 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں وہاب ریاض 16، سہیل خان 4 اور احسان عادل 15 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، مچل اسٹارک اور گلین میکس ویل نے 2،2 جب کہ جیمز فالکنر اور مچل جانسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف باآسانی 34ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

سیمی فائنل میں آسٹریلوی ٹیم 26 مارچ کو سڈنی میں دفاعی چیمپیئن بھارت کا سامنا کرے گی جو اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہے۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے سٹیون سمتھ اور شین واٹسن نے نصف سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔سمتھ 65 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ واٹسن نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔آسٹریلوی اننگز کے آخر میں گلین میکسویل نے جارحانہ بلے بازی کی اور 29 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنا ڈالے۔پاکستان کے لیے وہاب ریاض نے دو وکٹیں لیں جبکہ سہیل خان اور احسان عادل نے ایک ایک وکٹ لی۔آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :