پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا ، خطے کے خراب حالات سے پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے، امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکرٹری سطح کے مذاکرات کامیاب ہونگے، اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر دہشتگردوں کے خلاف آ ٓپریشن ضرب عضب جاری ہے،

صدر مملکت ممنون حسین کی ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے وفد سے بات چیت

جمعہ 20 مارچ 2015 18:19

پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا ، خطے کے ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا ،پاکستان اس خطے کے حالات کی وجہ سے بہت بری طرح متاثر ہوا ہے، امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکرٹری سطح کے مذاکرات کامیاب ہونگے، اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر دہشتگردوں کے خلاف آ ٓپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

وہ جمعہ کویہاں ایوان صدر میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس خطے کے حالات کی وجہ سے بہت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بعض لوگوں نے قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں جاکر لوگوں کو گمراہ کیا۔ پولیو کے علاوہ داخلی انتشار نے بھی پاکستان کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

ان حالات میں پاکستان ہمدردانہ طرز عمل کا مستحق ہے۔

لیکن عالمی برادری اس حوالے سے اتنا ہمدردانہ رویہ نہیں رکھتی جتنا اسے رکھنا چاہیے۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ ایک تھنک ٹینک کی طرح کام کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ دہشتگردوں کے خلاف جاری ا ٓپریشن ضرب عضب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر کارروائی جاری ہے۔

وفد میں شامل بھارتی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ملکوں سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیحہ طلب معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکرٹری سطح کے مذاکرات کامیاب ہونگے۔ اس موقع پر انھوں نے بھارتی حکومت کو نیک خواہشات کا پیغام بھی بھجوایا۔