وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات

جمعہ 20 مارچ 2015 21:58

وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں مغربی سرحدوں اور فاٹا کے سیکورٹی کے لئے ایف سی کے اضافی ونگز کے قیام کا فیصلہ کیاگیاہے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی سمیت ملک کی سلامتی کی صورتحال سمیت آپریشن ضربِ عضب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں آپریشن ضرب عضب کے اب تک کے نتائج اور بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کی واپسی کے منصوبوں پر بھی غور کیاگیا جبکہ فوج کی معاونت اورحکومتی تعاون سے بے گھر افراد کی دوبارہ بحالی کو یقینی بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں مغربی سرحدوں بالخصوص فاٹا کے علاقوں میں سیکورٹی کو موثر اور مضبوط بنانے کے لئے فرنٹیئر کور کے اضافی ونگز بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیاگیا ، یہ دستے آپریشن ضرب کے مکمل ہونے کے بعد فاٹا کے مختلف علاقوں میں تعینات کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں ملاقات میں موجود وزیرخزانہ کو فنڈز کی دستیابی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔