سعودی قوانین کے خلاف بات کرنے والے یا تو جاہل ہیں یا متعصب

سعودی مفتی اعظم نے یورپی ملک کو کھری کھری سنا دیں

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:14

سعودی قوانین کے خلاف بات کرنے والے یا تو جاہل ہیں یا متعصب

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے سویڈن کی وزیر خارجہ کے ایک حالیہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی قوانین کے خلاف بات کرنے والے یا تو جاہل ہیں یا متعصب۔سویڈن کی وزیر خارجہ مارگٹ والسٹروم نے ایک سعودی بلاگر کو دی گئی متنازعہ سزا کے حوالہ سے گزشتہ ہفتے سعودی قوانین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مفتی اعظم نے اپنے ہفتہ وار ریڈیو پروگرام میں کہا ہے کہ سویڈن کی وزیر خارجہ کا تبصرہ جھوٹ پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مملکت کا نظام قانون جائز اور آزاد ہے اور اس کی بنیاد قرآن اور سنت پر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں عدالتیں غیر جانبدار ہیں اور ہر کسی کو انصاف فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی قانون مسلم اور غیر مسلم میں امتیاز نہیں کرتا اور خواتین کو بھی مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ خواتین کو ان کے حقوق نہیں دئیے جارہے تو وہ معروضی حقائق سے واقف نہیں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسلمان ان ناقدین پر یقین نہ کریں کیونکہ وہ گمراہ کن نظریات پھیلارہے ہیں۔