محکمہ آبپاشی کا نہری پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر آبی وسائل کو منظم کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) صوبائی محکمہ آبپاشی نے نہری پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر آبی وسائل کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ صوبہ بھر میں زرعی و صنعتی مقاصد کے لئے لوگوں کی ڈیمانڈ پوری کی جا سکے ، اس مقصد کے لئے بین الاقوامی ماہرین کا تکنیکی تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے ۔ یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے اپنی رہائش گاہ پر کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد کی قیادت لوئر باری دوآب کینال ساہیوال ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین سردار ٹیپو عثمان کررہے تھے- اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشن ) چوہدری محمد اشرف ، جنرل مینجر چوہدری خاور نذیر،جنرل مینجر (آپریشن )پیڈا ملک محمد طارق کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں زرعی ضروریات کے مطابق نہری پانی کی دستیابی کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تا ہم کچھ علاقوں میں پانی کی کمی کو زیادہ شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے ۔

اس حوالے سے مساویانہ بنیادوں پر نہری پانی کی تقسیم یقینی بنانے اور اس کے ضیاع سے بچنے کے لئے محکمہ آبپاشی نے واٹر ریسورس مینجمنٹ کا انتہائی جامع اور منظم پروگرام ترتیب دیاجا رہا ہے جس کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک اور جاپانی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی جیسے اہم انٹرنیشنل اداروں کا تکنیکی تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے تا کہ دیگر ممالک کے تجربات کی روشنی میں صوبہ پنجاب کے آبی وسائل کا انتظام زیادہ بہتر اور منظم انداز میں کیا جا سکے ۔

اس حوالے سے جی ایم پیڈا چوہدری خاور نذیر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کا نہری نظام زرعی پیدا وار بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے جس سے کسانوں کا معیار زندگی بلند ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی آبی مشکلات کم کرنے کے لئے اربوں روپے کی مالیت سے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس سے کسان برادری کو فائدہ پہنچے گا اور زراعت کا شعبہ جدید خطوط پر استوار ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :