مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا‘ فیصل ملک

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) قرض اتارو ملک سنوارو کا نعرہ دینے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے،2013سے لیکرآج تک حکومت نے ناقص معاشی و فنانشنل پالیسیوں کے باعث قرضہ لینے کے حوالے سے سابق تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار بزنس ونگ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری فیصل ملک نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہو ئے کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے اپنے اقتدار کے دوران 20136.6ارب روپے جبکہ بیرون ممالک سے5146.6ملین ڈالر حاصل کرکے غیر معمولی قر ضے حاصل کر لئے ہیں جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا دعویٰ کرنے والی حکومت یہ بتائے کہ ملک کی اکنانومی قرضوں پر کھڑی ہے قرضے لیکر موجودہ حکومت نے عوامی ڈویلپمنٹ کے نام پر اربوں روپے کمیشن کمائی ہے ، جبکہ افراط زر میں مسلسل اضافہ، جی ڈی پی کی انتہائی کم گروتھ،مہنگائی میں اضافہ اور دن بدن بڑھتے ہو ئی تجارتی خسارے نے ملک کی بہترین معاشی پالسیوں کی اصل تصویر پیش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی واقتصادی طور پر ملک کو مضبوط کرنے کی بجائے کمزور کر رہی ہے ،بے روز گاری اور غیر معمولی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آکر ملک کو عوامی ویلفےئر سٹیٹ بنائے گی ۔