پاکستانی ٹیم کو دورہ بنگلہ دیش کی اجازت

ہفتہ 21 مارچ 2015 18:49

پاکستانی ٹیم کو دورہ بنگلہ دیش کی اجازت

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ بنگلہ دیش کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد گرین شرٹس مکمل سیریز کھیلنے کے لیے اپریل میں بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔ قومی ٹیم کے دورے سے قبل قومی کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر ایک سیکیورٹی ٹیم بھی بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی لیکن ممکنہ طور پر یہ دورہ محض رسمی ہو گا جس کے بعد قومی ٹیم کو اجازت دے دی جائے گی۔

15 اپریل سے شروع ہونے والے اس دورے میں تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے سنیئر میڈیا منیجر رضا کچلو بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف جذبات کی وجہ سے حکومت کو تحفظات ہیں لیکن ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے رضامندی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آنے دنوں میں ہم ایک سیکیورٹی ٹیم بھیجیں گے جو وہاں انتظامات کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمیشن سے ملے گی۔

دوسری جانب سے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو بھی پاکستانی حکومت کی رضامندی اور سیکیورٹی وفد کے دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میڈیا کمیٹی جلال یونس نے کہا کہ ہمیں اپریل کے وسط میں دورہ پاکستان کے حوالے سے تصدیق موصول ہو چکی ہے، ہم دورے کے شیڈول کو تین سے چار دن میں حتمی شکل دے دیں گے اور ڈھاکا، چٹاگانگ اور کھلنا میں میچز کے انعقاد کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بنگلہ دیش کی جانب سے متعدد بار دورہ پاکستان سے انکار کے بعد پاکستان نے دورہ بنگلہ دیش پر مشروط آمادگی ظاہر کرتے ہوئے دورے کے منافع کا 50 فیصد دینے مطالبہ کیا تھا۔ تاہم بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی شرط کو یکسر رد کر دیا تھا جس کے بعد دورہ کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا تھا کیونکہ پاکستان بھی ایسی صورت میں دورے میں زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہا تھا۔ تاہم بعد میں بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے دورے کے مکمل اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی جس پر پاکستان نے بھی دورے پر آمدگی ظاہر کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :