قومی ٹیم کی وطن واپسی کا شیڈول جاری ، کھلاڑیو ں کے میڈیا سے گفتگو کرنے پر پابندی عائد

اتوار 22 مارچ 2015 11:18

قومی ٹیم کی وطن واپسی کا شیڈول جاری ، کھلاڑیو ں کے میڈیا سے گفتگو کرنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آج رات سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں ،کھلاڑیوں پر میڈیا سے گفتگو کرنے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی ، سہیل خان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد آج رات جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کراچی پہنچ رہے جہا ں شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کپتان مصباح الحق سمیت احمد شہزاد ، عمر اکمل، صہیب مقصود ، حارث سہیل ، محمد عرفان ، راحت علی ، وہا ب ریاض،ناصر جمشید اور احسان عادل جبکہ ٹیم انتظامیہ میں منیجر نوید اکرم چیمہ ، مسا جر شاہد اسلم ،میڈیا منیجر آغااکبر ، سکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اعظم اور سپن کوچ مشتا ق احمد آج رات1بج کر 40منٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز EK-622 کے ذریعے آج علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچیں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیو ں پر ایئر پورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کر نے پر پابندی عائد کر دی ہے تاہم کپتان مصباح الحق 24مارچ بروز منگل قذافی سٹیڈ یم لاہور میں انتہائی اہم پریس کانفرنس کر یں گے ۔