بھارت آسٹریلیا سیمی فائنل ۔ نفسیاتی برتری حاصل کر نے کیلئے بیان بازی کا سلسلہ شروع

بھارت ورلڈ کپ سے پہلے کی شکستوں کو یاد رکھے ، گلین میکسویل

اتوار 22 مارچ 2015 11:22

بھارت آسٹریلیا سیمی فائنل ۔ نفسیاتی برتری حاصل کر نے کیلئے بیان بازی ..

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ کے عالمی کپ کے سیمی فائنل سے پہلے نفسیاتی برتری حاصل کرنے کیلئے بیان بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔جارحانہ بلے بازی کیلئے مشہور آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہونے والی سیریز میں وہ ان کی ٹیم کے خلاف ایک بھی میچ نہیں جیت پائے تھی۔

میکسویل نے کہا کہ جمعرات کو ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی آسٹریلیا کی ٹیم اپنی جیت کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی۔26 مارچ کو سڈنی میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کا مقابلہ ہوگا۔اس سوال پر کہ ابھی تک اس عالمی کپ میں ناقابلِ شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کو روکنا کتنا مشکل ہو گا، میکسویل نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں انہیں اچھا خاصا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

وہ ایک بھی میچ نہیں جیت پائے تھے۔ امید ہے کہ یہ بات ان دل و دماغ میں واضح ہوگی۔تاہم میکسویل نے اس ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے۔ اگر وہ اچھے نہیں ہوتے، تو سیمی فائنل تک نہیں پہنچتے۔میکسویل نے کہاکہ ورلڈ کپ سے پہلے جس حکمت عملی کے ساتھ آسٹریلیا نے بھارت کا سامنا کیا تھا، ٹیم اسی منصوبہ بندی کے ساتھ سیمی فائنل کے موقع پر میدان میں اترے گی۔

متعلقہ عنوان :