سات سال بعد ہونے والی 23مارچ کی پریڈ کیلئے تیاریاں مکمل  آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا

صدر مملکت مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کریں گے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات اسلام آباد کے مرکزی داخلی راستہ فیض آباد مکمل طور پر سیل شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی اہلکار تعینات ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل جڑواں شہروں میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی لگادی گئی ایکسپریس ہائی وے (کل)دو بجے تک بند رہے گی

اتوار 22 مارچ 2015 14:47

سات سال بعد ہونے والی 23مارچ کی پریڈ کیلئے تیاریاں مکمل  آغاز 21توپوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء)سات سال بعد ہونے والی 23مارچ کی پریڈ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں  آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا، صدر مملکت ممنون حسین مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کریں گے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات اسلام آباد کے مرکزی داخلی راستہ فیض آباد مکمل طور پر سیل شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سات سال بعد ہونے والی 23مارچ کی پریڈ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں پریڈ میں پاک آرمی، بحریہ، فضائیہ اور ایف سی کے دستے شریک ہوں گے۔ایس ایس جی کمانڈوز، لائٹ انفنٹری کمانڈو بٹالین، میکنائزڈ انفنٹری یونٹ بھی پریڈ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

23 مارچ کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا، صدر مملکت ممنون حسین مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کریں گے۔

خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوگا۔آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیل کاپٹرز جن میں بیل، ایم آئی17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے۔پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصاٍ جے ایف تھنڈر -17 طیارے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں، ائر فورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے، ایف 7، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاس کا مظاہرہ کریں گے۔

فلائی پاس کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کریں گے۔ایس ایس جی کے کمانڈوز پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ بھی کریں گے۔اسٹریٹچک پلانز ڈویڑنز کے دستے پریڈ میں شریک ہیں، پاکستان کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خصوصاٍ رعد، نصر میزائل، پاکستان میں بننے والے ٹینک الضرار اور الخالد بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کیلئے فلوٹ ہوں گے، جن پر علاقائی رقص ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی۔

ادھر جڑواں شہروں میں رات 12 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی لگادی گئی ۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ”آئی ایس پی آر “ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات 12 بجے سے (کل) پیر کی دوپہر 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے بھی صبح6 بجے سے دن2 بجے تک بند رہے گی اس شاہراہ پر صرف پرصرف پریڈ پر آنے والی گاڑیوں کو اجازت ہو گی دیگر ٹریفک کو کھنہ پل سے لہتڑار روڈ، راول ڈیم اور کشمیر ہائی وے کی جانب موڑدیا جائیگا۔