وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قصور میں حافظ محمد نعیم کے گھر آمد،والدین سے تعزیت کا اظہار،انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی

زندہ جلائے جانے والے حافظ محمد نعیم کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کا اعلان انسانوں کو زندہ جلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ظلم او رزیادتی کرنے والے عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے ،30افراد گرفتار کر لئے ہیں ،پنجاب حکومت مقدمے کی خود پیروی کریگی لواحقین نے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون ہاتھ میں نہ لے کر حقیقی پاکستانی ہونے کا ثبوت دیاہے، حکومت جذبے کی قدر کرتی ہے آپ سے وعدہ ہے کہ انشاء الله میں خود آپ کو انصاف دلاؤں گا ، وزیراعلیٰ کی سوگوار خاندان سے گفتگو، 5لاکھ روپے مالی امداد کا چیک بھی دیا

اتوار 22 مارچ 2015 16:50

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قصور میں حافظ محمد نعیم کے گھر آمد،والدین سے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف یوحنا آباد میں تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے قصور کے رہائشی نوجوان حافظ محمد نعیم کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے حافظ محمد نعیم کے والدین اور سوگوار خاندان سے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے حافظ محمد نعیم کے بزرگ والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یوحنا آباد میں انسانوں کو زندہ جلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ ظلم و بربریت کا اندوہناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے -ظلم او رزیادتی کرنے والے عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے -انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے -حافظ محمد نعیم کو زندہ جلائے جانے کامقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا اور پنجاب حکومت مقدمے کی خود پیروی کرے گی-انہوں نے کہاکہ مقدمے میں نامزد 30افراد کو گرفتار کر لیاگیا ہے-ملزمان سے قانون کے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا-میں خود ذمہ داری لیتا ہوں کہ مظلوم خاندان کوہر قیمت پرانصاف دلایا جائے گا اور ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر قانون کے تحت سخت ترین سزا دلائی جائے گی-وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں حافظ محمد نعیم کی زندگی تو واپس نہیں لا سکتا لیکن آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو نہ صرف انصاف ملے گا بلکہ انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا-وزیراعلیٰ نے حافظ محمد نعیم کے لواحقین کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ لواحقین نے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون ہاتھ میں نہ لے کر حقیقی پاکستانی ہونے کا ثبوت دیاہے اور حکومت آپ کے جذبے کی قدر کرتی ہے -انہوں نے کہاکہ اس مقدمے کے ملزم قانون کے مطابق سخت سزا سے نہیں بچ پائیں گے اورمیرا یہ آپ سے وعدہ ہے کہ انشاء الله میں خود آپ کو انصاف دلاؤں گا - وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان کو 5لاکھ روپے مالی امداد کا چیک بھی دیا-حافظ محمد نعیم کے سوگوار خاندان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نے ہمارے گھر آ کر انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے اور ہمارے دکھ میں شریک ہوئے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں-ہمیں پورا یقین ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے-ایم پی اے زعیم حسین قادری اور انسپکٹر جنرل پولیس بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :