محکمہ آبپاشی پانی کے با کفایت استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پانی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیا جائے ‘میاں یا ور زمان

عالمی یوم آب کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم پانی کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں گے ‘صوبائی وزیر آبپاشی

اتوار 22 مارچ 2015 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) صوبائی محکمہ آبپاشی پانی کے با کفایت اور منظم استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تا کہ کسان برادری سمیت دیگر متعلقین کو آبی ضروریات کے حوالے سے پانی با آسانی دستیاب ہو۔اس حوالے سے یہ بات اشد ضروری ہے کہ پاکستانی قوم پانی کے استعمال کے حوالے سے انتہائی کفایت شعاری سے کام لے تا کہ ہماری آئندہ نسلوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے سندھ طاس واٹر کونسل کے چیئرمین انجینئر محمد سلیمان خان سے ان کے دفتر میں گفتگوکرتے ہوئے کیا-اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے سینئر انجینئرز ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی یوم آب ہمیں اس بات کا سبق دیتا ہے کہ پانی اللہ تعالی کی عظیم ترین نعمت ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا سب سے منظم اور بہترین نہری نظام موجود ہے جس کی دیکھ بھال اور ضروری تعمیر و مرمت کے حوالے سے محکمہ آبپاشی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسانوں کی آبی ضروریات بخوبی پورا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے - اس حوالے سے یہ بات انتہائی اہم ہے کہ کسانوں کو پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی(پیڈا) کے توسط سے نہری انتظام سے متعلقہ فیصلہ سازی و آپریشنل معاملات میں شریک کیا گیا ہے - اس اقدام کا نہایت مثبت اثر ہوا ہے - اس طرح کسان برادری کو نیا اعتماد اور حوصلہ ملا ہے - انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کی با کفایت تقسیم و استعمال کے حوالے سے میڈیا پر بھی گہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں میں اس حوالے سے ضروری شعور اجاگر کرے-انہوں نے کہا کہ عالمی یوم آب کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم پانی کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں گے ۔

صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کی پالیسیوں سے جہاں پنجاب کے کسان کو فائدہ پہنچا ہے وہاں پر زرعی پیداوار میں اضافہ سے دیگر صوبوں کے عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملی ہے - اس طرح پنجاب کا بین الصوبائی بھلائی اور بھائی چارہ میں اہم کردار کھل کر سامنے آیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :