حکمرانوں نے عوام کو اندھیرے، بدحالی، بدامنی اور معاشی ناہمواری جیسے مسائل میں دھکیل دیا ہے ‘سعدیہ سہیل رانا

ہمارے ملک میں غربت، مہنگائی، کرپشن کا دور دورہ ہے جبکہ عدل و انصاف ناپید نظر آتا ہے‘رکن پنجا ب اسمبلی

اتوار 22 مارچ 2015 16:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو اندھیرے، بدحالی، بدامنی اور معاشی ناہمواری جیسے مسائل میں دھکیل دیا ہے یوم قرار داد لاہور کے حوالے سے قوم کو پیغام دیتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد لاہور ایک انقلابی قرارداد تھی جس کے دوررس نتائج برآمد ہوئے۔

اس قرارداد کے ذریعے مسلمانان برصغیر نے علیحدہ اسلامی ریاست کے واضح نصب العین کا تعین اور انگریزوں و ہندوؤں کی غلامی سے نکلنے کا دوٹوک فیصلہ کیا۔ علامہ محمد اقبال اور قائداعظم نے ہمیں غلامی سے نجات دلوائی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، ہمیں اسکی حفاظت کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے ملک میں غربت، مہنگائی، کرپشن کا دور دورہ ہے جبکہ عدل و انصاف ناپید نظر آتا ہے۔ ان حالات میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ہی ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق کا بیڑہ اُٹھا رکھا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے پر زور دیتے ہیں لیکن سابقہ حکومتوں کی طرح حکومت وقت بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے دھاندلی سے اقتدار میں آنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔