ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے آج تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے ‘شہبازشریف

23مارچ کو تحریک قیام پاکستان میں تاریخی اہمیت حاصل ہے،اس روز برصغیر کے مسلمانوں کیلئے اپنی منزل کا تعین ہوا قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا جو سفر شروع ہواتھا وہ ابھی ادھورا ہے،منزل کے حصول کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی آج تحریک آزادی کے مجاہدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی جانیں دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا آج پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنارکرنے کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کارلانے کے عزم کااعادہ کرنا ہوگا‘وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کایوم پاکستان کے موقع پرخصوصی پیغام

اتوار 22 مارچ 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ23مارچ کو تحریک قیام پاکستان میں تاریخی اہمیت حاصل ہے۔اس روز قرارداد کی منظوری سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے منزل کا تعین ہوا اورایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی،ہمیں آج کے دن پاکستان کوترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے اوراسے صحیح معنوں میں بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23مارچ کا دن پاکستان کی آزادی کی جدوجہد کا ایک اہم سنگ میل ہے، اس اہم ترین اورتاریخی دن مسلم لیگ کے جھنڈے تلے برصغیر کے مسلمانوں نے اکٹھے ہوکراپنی منزل کا تعین کیا۔

(جاری ہے)

لاہور کے منٹو پارک میں ہونے والے تاریخی جلسے میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے تصور کو عملی شکل دینے والی قراردادکی منظوری کے بعدمسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیاد ت میں چند برسوں میں اپنے لئے الگ وطن کے قیام کی منزل حاصل کرلی ۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا جو سفر شروع ہواتھا وہ ابھی ادھورا ہے۔اس ادھورے سفر کی تکمیل کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی اور اپنی منزل کے حصول کیلئے من حیث القوم اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اتحاد ،تنظیم ،نظم وضبط،محنت ، دیانت اورامانت جیسے سنہری اصولوں کو اپناکرپاکستان کو ترقی اورخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباوٴاجداد نے پاکستان کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دیں جو ہم سے اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم پاکستان کے قیام کے مقاصد کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کردیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی،انتہاء پسندی ،فرقہ واریت ،توانائی بحران،غربت اوربے روزگاری جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک و قوم کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں کررہی ہے۔

ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے آج اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ قائد اعظم کی قیادت میں تحریک پاکستان کے دوران دیکھنے میں آیاتھا،ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر امیر اورغریب کے درمیان خلیج کو کم کرنا ہے ۔پنجاب حکومت نے دانش سکول سسٹم،میٹروبس پراجیکٹ،آشیانہ ہاوٴسنگ سکیم اور اپناروزگار سکیم جیسے فلاحی منصوبے شروع کر کے اس جانب مثبت قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ23مارچ کا دن دراصل تحریک آزادی کے مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، جنہوں نے اپنے خون کے نذرانے دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا ۔ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :