جدید سنگاپور کے پہلے با نی وزیراعظم لی کوآن یو انتقال کرگئے

پیر 23 مارچ 2015 12:03

جدید سنگاپور کے پہلے با نی وزیراعظم لی کوآن یو انتقال کرگئے

سنگاپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) سنگاپور کے پہلے وزیراعظم لی کوآن یو91 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ لی کوآن یو نوآبادیاتی نظام کے بعد ایشیائی سیاست کے افق پر ابھرنے والے نامور سیاست دان سمجھے جاتے تھے۔ لی کوآن یو کے بیٹے موجودہ وزیراعظم لی سین لونگ نے ایک بیان میں گہرے دکھ کے ساتھ سنگاپور کے بانی وزیراعظم کی موت کا اعلان کیا۔

ان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لی کوآن یو اکانوے برس کی عمر میں سنگاپور جنرل اسپتال میں چل بسے، ان کی آخری رسومات کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس موقع پرعوام ان کا ٓاخری دیدار کرسکیں گے۔ لی کوآن کو شدید نمونیا ہونے پر پانچ فروری کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وہ انیس سو انسٹھ سے انیس سونوے تک سنگاپور کے وزیراعظم رہے۔

(جاری ہے)

اس دوران ان کی قیادت میں نو اگست انیس سو پینسٹھ کو سنگاپور نے ملائیشیا سے اتحاد ختم کرلیا اور سنگاپور خود مختارملک بن گیا۔

سنگا پور کے بانی رہنما اور پہلے وزیراعظم لی کوآن یو کے انتقال پرعالمی رہنماوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ لی کوآن یو تاریخ کی عہد ساز شخصیت اورعظیم رہنما تھے۔ انھوں نے سنگاپورکی آزادی کا خواب دیکھا اور ان کی قیادت میں انیس سو پینسٹھ میں قائم ہونے والا سنگاپور آج دنیا کا خوشحال ملک ہے۔

وہ اپنی عوام کے سچے خادم اور غیر معمولی رہنما تھے۔ اوباما نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر لی کوآن یو کی دانشمندی کے معترف ہیں۔ انھیں جدید سنگاپور کے بانی کی حیثیت سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سابق امریکی صدر جارج بش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لی کوآن یو نے مشرق بعید کے خطے کو جدید دور میں داخل کرنے میں اہم کرداراداکیا۔ سابق صدر جارج بش سینئرکا کہنا ہے کہ اس بات پرانھیں ہمیشہ فخررہے گا کہ لی کوآن یو میرے دوست تھے۔

متعلقہ عنوان :