مصباح الحق ہمیشہ دفاعی کپتان رہے،انضمام الحق

پیر 23 مارچ 2015 12:34

مصباح الحق ہمیشہ دفاعی کپتان رہے،انضمام الحق

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے مصباح الحق کودفاعی کپتان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مصباح الحق نے ہمیشہ اہم فیصلوں سے گریز کیااورکبھی جارحانہ انداز اختیار نہ کرسکے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ مصباح الحق نے کسی سنچری کے بغیر ون ڈے کرکٹ میں پانچ ہزار رنزمکمل کئے۔

لیکن بیٹنگ میں ان کی صلاحیتوں پر کوئی شبہ نہیں کیاجاسکتا۔ لیکن بطور کپتان انہوں نے اہم فیصلوں میں بہت وقت ضائع کیااورکبھی جارحانہ انداز اختیار نہ کرسکے جس کی سب سے بڑی مثال سرفراز احمد کو چارمیچوں کے بعد کھلانا ہے۔عمران خان کی طرح دلیرانہ فیصلے کرتے تو نتائج کہیں بہتر ہوتے۔سابق کپتان نے کہاکہ ورلڈ کپ کے ناک آوٴٹ مرحلے میں غیرذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد صرف بولرز کے ذریعے فتح کی توقع جائز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم کے بیشتر بیٹسمین اسکوربورڈ کو متحرک رکھنا نہیں جانتے۔جب دباوٴ پڑتا ہے۔تو آوٴٹ ہوجاتے ہیں۔ مصباح الحق اگر وکٹ پر رکتے ہیں تو رن ریٹ برقرار نہیں رکھ پاتے۔کوارٹرفائنل میں مائیکل کلارک نے اس کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین فیلڈ سیٹ اور دس کھلاڑیوں کوکیچ کرایا۔اور چانس بھی ضائع نہیں کیا۔اس کے برعکس پاکستانی فیلڈرز نے کیچز ڈراپ کرکے بولرز کی محنت پرپانی پھیردیا۔انضمام الحق نے وہاب ریاض کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ شین واٹسن اورمائیکل کلارک اسے اعتماد سے نہ کھیل سکے۔ وہاب نے وسیم ،وقاراورشعیب اختر کی یادیں تازہ کردیں۔لیکن پاکستان کو یہ سمجھنا ہوگاکہ ہمیشہ بولرز کی مدد سے میچز نہیں جیتے جاسکتے۔

متعلقہ عنوان :