جمہو ریت کے تسلسل کیلئے سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ افراد کو اپنی صفوں سے باہر نکالنا ہو گا‘ چوہدری محمد سرور

پیر 23 مارچ 2015 12:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء)سابق گورنرپنجاب و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جمہو ریت کے تسلسل کیلئے سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ افراد کو اپنی صفوں سے باہر نکالنا ہو گا، ایم کیو ایم کو نائن زیرو پر چھاپے پر ناراض نہیں ہونا چاہیے ،سکیورٹی اداروں کو میرے گھر پر بھی چھاپے کا حق ہے،ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کا کریمنل جسٹس ناکام ہوچکا ہے،جوڈیشل کمیشن عام انتخابات میں دھاندلی کر نیوالوں کو بے نقاب کر دے گا،موجودہ حکمرانوں نے قوم کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا ،تحر یک انصاف ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔

آرائیں کنونشن سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کی شفاف تحقیقات جمہو ریت اور ملک کے مفاد میں ہے کیونکہ کسی کو اس بات کا حق نہیں کہ وہ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ مارے ،جوڈیشل کمیشن کے قیام سے دھاندلی کر نیوالے تمام کردار بے نقاب ہو نگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک جما عت یا فرد نہیں پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو مسئلہ ہے اور پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ہاتھوں کو مضبوط کر نا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز بھی دہشت گرد ہیں اور ان سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے ۔ایم کیوایم کو نائن زیر وپر ر ینجرزکے چھاپے پر ناراض ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ ان کو جرائم پیشہ لوگوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر نا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کا کریمنل جسٹس ناکام ہوچکا ہے اس میں پریشانی کی بات ہے کہ ہمارا نظام ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ غیر معمولی حالات میں فوجی عدالتیں بنائی ہیں اب ہونا یہ چاہیے کہ ہم اپنے عدالتی اور پولیس کے نظام کو بہتر بنائیں ۔