حبیب جالب کا 87واں یومِ پیدائش کل منایا جائے گا

پیر 23 مارچ 2015 13:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء )غربت کی کوکھ سے جنم لینے والے عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب کا 87واں یومِ پیدائش کل منگل کو منایا جائے گا۔ حبیب جالب نے نام مساعد حالات میں بھی عوام کیلئے آواز اٹھائی اور انکی نمائندگی کا حق ادا کردیا۔ ان کی آنکھ نے جو دیکھا اور دل نے جو محسوس کیا اس کو من و عن اشعار میں ڈھال دیا اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر انہوں نے ہر دور کے جابر اور آمر حکمران کے سامنے کلمہ حق بیان کیا۔

(جاری ہے)

حبیب جالب کے بے باک قلم نے ظلم، زیادتی، بے انصافی اور عدم مساوات کے حوالے سے جو لکھا وہ زبان زدِ عام ہو گیا۔ انہوں نے جہاں اپنی بے باک شاعری سے اردو ادب کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا، وہیں انہوں نے رومانوی شاعری کو ایک ایسا اسلوب دیا، جس میں جذبوں کی شدت نمایاں ہے۔ حبیب جالب نے اپنی زندگی میں ادب کیلئے بے شمار کام کیا، ا ن کی نظموں کے پانچ مجموعے برگ آوارہ، سرمقتل، عہد ستم، ذکر بہتے خون کا اور گوشے میں قفس شائع ہو چکے ہیں۔ حق گو لوگوں کی قسمت میں راحت کہاں، تاریخی روایات کے عین مطابق حبیب جالب درباروں سے صعوبتیں اور کچے گھروں سے چاہتیں سمیٹتا 12مارچ 1993 کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوا۔