ون ڈے کے نئے کپتان، سلیکشن کمیٹی کے تقرر میں پی سی بی کو مشکلات کا سامنا

منگل 24 مارچ 2015 11:21

ون ڈے کے نئے کپتان، سلیکشن کمیٹی کے تقرر میں پی سی بی کو مشکلات کا سامنا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) عالمی کپ میں پاکستان کی ناکامی کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو ون ڈے کے نئے کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے تقرر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ون ڈے ٹیم کے نئے قائد کی تلاش ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دورہ بنگلہ دیش کے لیے ٹیم کا انتخاب بھی نئی سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی جس کی تشکیل باقی ہے۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے صلاح مشورے شروع تو کر دیے ہیں لیکن حتمی فیصلے پر پہنچنے میں انہیں دشواری کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اظہر علی اور سرفراز احمد نئے کپتان کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں جبکہ اسد شفیق اور فواد عالم کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ محمد حفیظ کو بورڈ کے اندر حمایت حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ چیف سلیکٹر کسی لو پروفائل کرکٹر کو مقرر کرنے کا خواہش مند ہے۔ لیکن نئے چیف سلیکٹر کے لیے صلاح الدین صلو اور وسیم باری مضبوط امیدوار ہیں۔ جبکہ اقبال قاسم کا نام بھی دوڑ میں شامل ہے۔ پی سی بی سابقہ سات رکنی سلیکشن کمیٹی کے برعکس ممبران کی تعداد کم رکھنا چاہتی ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :