شاہدکپورکی تھرڈ ائیر کی طالبہ سے منگنی

منگل 24 مارچ 2015 11:45

شاہدکپورکی تھرڈ ائیر کی طالبہ سے منگنی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)کرینہ کپور ، پریانکا چوپڑہ اور بپاشاسو باسو سمیت مختلف بولی وڈ خواتین سے تعلقات کے باعث خبروں کی زینت بنے رہنے والے شاہد کپور سے متعلق ایک نئی خبر آج کل گرم ہے کہ انھوں نے نئی دہلی میں ایک کالج کی طالبہ میرا راجپوت سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ہندوستان کے مقامی اخبار ہندوستان ٹائمزکی ایک رپورٹ کے مطابق شاہد کپور نے نئی دہلی کے لیڈی شری رام کالج میں انگریزی (تھرڈ ایئر) کی طالبہ میرا راجپوت سے منگنی کرلی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شاہدکپور رواں برس دسمبر میں میرا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ہندوستان ٹائمز نے ایک انگریزی روزنامے کے حوالے سے لکھا ہے کہ شاہد اور میرا کی منگنی رواں برس جنوری میں ہوئی ۔

(جاری ہے)

جبکہ 30 سالہ شاہد کی اپنی ہونے والی دلہن سے ملاقات ایک مذہبی گروپ رادھا سوامی ست سنگ بیس کے توسط سے ہوئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل شاہد کپور نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ شادی کے لیے تیار ہیں، اگر کوئی بھی اچھی لڑکی چاہے تو۔

انھیں شادی کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں۔دوسری جانب بھارتی اخبار کے مطابق شاہد ان خیالات کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ ان کی اہلیہ کا تعلق بالی ووڈ انڈسٹری سے نہیں ہوگا۔تاہم ہندوستانی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے شاہد کپور سے تصدیق نہیں کی جا سکی۔