پشاور سکول پر حملے کی مذمت پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے علامہ طاہر اشرفی کو دھمکانے کا سلسلہ شروع

منگل 24 مارچ 2015 13:43

پشاور سکول پر حملے کی مذمت پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے علامہ طاہر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرنے پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے علامہ طاہر اشرفی کو دھمکانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملوں میں بچوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے۔

پنجاب حکومت نے حساس اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات پر ایک انتباہی مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ ٹی ٹی پی کا حضرو گروپ ان کے اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔مراسلے میں حکومت کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک نیک اللہ نامی کمانڈر نے پشاور میں اپنے مخالفین کی معالومات جمع کرلی ہیں اور وہ اب لاہور میں اپنے اہداف کی نشاندہی اور معلومات جمع کرنے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والا انتباہی مراسلہ صوبے کے تمام تھانوں اور سیکیورٹی اداروں کے دفاتر میں بھجوادیا گیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کو جاری رکھے کے عزم کو دہرایا۔انہوں نے کہاکہ فرقوں کے نام پر مخالفین کو قتل کرنا اور تکلیف دینا اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔طاہر اشرفی نے کہاکہ مجھے کئی مواقع پر مختلف عناصر کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں تاہم اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں ان کی پیروی شروع کردوں۔

متعلقہ عنوان :