سانگھڑ،تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کی جانب سے شعوری معلوماتی تقریب کا انعقاد

منگل 24 مارچ 2015 13:58

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کی جانب سے شعوری معلوماتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز، پیرنٹس ودیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خاص الٹی میٹ ریلیف فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین محمد ایوب میمن نے کہا کہ ہم فلاحی کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہمیں جیسے ہی پتہ چلا کہ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر بلاتفریق خدمت انجام دے رہا ہے اس لئے ہم بھی اس کارخیرمیں حصہ ملانے کیلئے کراچی سے یہاں چلے آئے۔

ہم اس ادارے کی بھرپور مالی معاونت کریں گے۔ تھیلیسیمیا کے چیئرمین بیرسٹر چودھری محمد جمیل نے کہا کہ ہمارا ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے بچوں کے انتقال خون میں مصروف ہے۔ تھیلیسیمیا سینٹر کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد صادق سیال نے کہا کہ اگرچہ خون کے حصول کا مرحلہ انتہائی مشکل ہے لیکن ہم اور ہماری ٹیم ان ننھے منے بچوں کی زندگی کی خاطر کیمپس لگا کر خون حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کرن عامر نے کہا کہ ہمارے ادارے میں ایک ہزار 26 تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے رجسٹرڈ ہیں جن کو کئی سالوں سے بلاناغہ خون دیا جارہا ہے۔ اس موقع پر کمبیٹر جاوید ملاح نے کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں اس ادارہ کے روح رواں غلام نبی چنا، فیض محمد صدیقی، راجہ خان، غلام سرور چنا، ڈاکٹر عائشہ، ایاز احمد، ثناء، یعقوب، شیراز ودیگر اسٹاف کو جن کی انتھک محنت کی وجہ سے تھیلیسیمیا کیئر سینٹر قائم ودائم ہے۔ تقریب کے دوران تھیلیسیمیا کی 2 مریض بچیوں نرمل قاضی اور کرن نے مہمانوں کو پھولوں کے تحفے پیش کئے۔