ورلڈ کپ 2015ء : جنوبی افریقہ پھر ’’چوک ‘‘ کرگیا ، نیوزی لینڈ پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر گیا

منگل 24 مارچ 2015 15:10

ورلڈ کپ 2015ء : جنوبی افریقہ پھر ’’چوک ‘‘ کرگیا ، نیوزی لینڈ پہلی مرتبہ ..

آکلینڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے پہلے سیمی فائنل میں نیو زی لینڈ نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 4وکٹوں سے مات دیکر پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ ایڈن پارک ، آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا ۔ جنوبی افریقہ کی اوپننگ جوڑی ٹیم کو اچھا آغاز نہ دے سکی اور ہاشم آملا 10اور کوئنٹن ڈی کوک 14رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے پوویلین واپس جانے کے بعد ڈو پلیسی اور روسوو نے تیسرے وکٹ کی شراکت میں 83رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا ۔ روسوو 39رنز بنا کر اینڈرسن کا شکار بنے ۔ انکے آؤٹ ہونے کے بعد اے بی ڈیویلیئرز نے ڈوپلیسی کے ہمراہ سکور تیزی سے بڑھانا شروع کیا تاہم جب سکور 38اوورز میں 216رنز ہوا تو تیز بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا ۔

(جاری ہے)

تقریبا دو گھنٹے کی تاخیر سے جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو میچ 43اوورز تک محدود کر دیا گیا ۔

فاف ڈوپلیسی 82رنز بنا کر اینڈرسن کا نشانہ بنے جس کے بعد ڈیوڈ ملر نے کیوی باؤلرز کو تختہ مشق بنا تے ہوئے 18گیندوں پر 6چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 49رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل ڈالی ۔ 43ویں اوور میں ملر کے آؤٹ ہونے کے بعد جے پی ڈومنی بیٹنگ کے لیے آئے اور ڈیویلیئرز کی مدد سے جنوبی افریقہ کا سکور 43اوررز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 281رنز تک پہنچا دیا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو فائنل تک رسائی حاصل کر نے کے لیے 43اوورز میں 298رنز کا ٹارگٹ ملا ۔

اے بی ڈیویلیئرز 65اور ڈومنی 8رنز بنا کر ناٹ آؤ ٹ رہے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے 3جبکہ بولٹ نے 2کھلاڑی آؤٹ کیے ۔ 298رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزلی لینڈ کا آغاز انتہائی شاندار رہا اور کپتان برینڈن میکولم اورمارٹن گپٹل نے محض 6اوورز میں 71 رنز بنا کر ایک مضبوط اوپننگ شراکت داری قائم کی ۔ میکولم 59رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ولیمسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور 6رنز بنا کر چلتے بنے ۔

کیویز کی تیسری وکٹ 128رنز پر گری جب ٹیلر اور گپٹل میں تال میل کی کمی کے باعث گپٹل کو پوویلین واپس جانا پڑا ، ٹیلر بھی 30رنز بنا کر پوویلین چلتے بنے ۔ 149رنزپر 4کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد میچ جنوبی افریقہ کی گرفت میں جاتا محسوس ہورہا تھا تاہم ایلیٹ اور کورے اینڈرسن نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 103رنز کا اضافہ کرکے میچ ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا ۔

اس موقع پر اینڈرسن 58رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے جس کے کچھ دیر بعد ہی رونچی بھی 8رنز بنا کر چلتے بنے ۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 12رنز درکار تھے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کی جانب سے رن آؤٹ چھوڑے جانے اور کیچ ڈراپ کر نے کے بعد 5گیندوں پر ہی پورے کر تے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل نے 3جبکہ سٹین اور ڈومنی نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ گرانٹ ایلیٹ کو 84رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے صلے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :