باسکٹ بال میچ میں شہد کی مکھیاں بن بلائی مہمان بن گئیں

منگل 24 مارچ 2015 15:16

باسکٹ بال میچ میں شہد کی مکھیاں بن بلائی مہمان بن گئیں

یوٹاہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء ) امریکی ریاست یوٹاہ میں اسکول کے میچ کے دوران اچانک شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا جس کے بعد کھلاڑی نہ صرف اپنا کھیل بھول گئے بلکہ گراوٴنڈ سے ہی دوڑ لگادی۔امریکی میڈیا کے مطابق یوٹاہ کے قصبے ایلک فیلڈ کے سینٹ جارج اسکول میں باسکٹ بال کا میچ جاری تھا اور کھلاڑی بڑے انہماک سے کھیل میں مصروف تھے کہ اچانک شہد کی مکھیوں کا جتھا کہیں سے نمودار ہوا اور کھلاڑیوں پر حملہ کردیا جس کے بعد کھلاڑی تگنی کا ناچ ناچنے پر مجبور ہوگئے۔

شہد کی مکھیوں نے نہ صرف کھلاڑیوں پر حملہ کیا بلکہ اس دوران وہ ایک بوڑھے شخص پر جھپٹ پڑیں اور دیکھتے ہی دیکھتے اسے پورا ڈھانپ لیا جس کے بعد متاثرہ شخص کی مکھیوں سے جان چھڑانے کے لیے فائرفائٹرز کو بلایا گیا جنہوں نے کیمیکل فوم کا استعمال کرکے مکھیوں کو بھگایا اور اس شخص کی جان چھڑائی لیکن ان مکھیوں نے اس شخص کا وہ حال کیا کہ اسے اسپتال ہی پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

فائربریگیڈ عملے کا کہنا تھا کہ ان افریقی نڑاد مکھیوں کو قاتل مکھیاں کہا جاتا ہے اور یہ اپنے گرد خطرے کو بہت جلد سونگھ لیتی ہیں جب کہ صرف 50 فٹ کے فاصلے پر موجود دشمن کا پتا لگا کر حملہ کردیتی ہیں اور آدھا میل تک اس کا پیچھا کرتی ہیں اس لیے ان میں سے کسی ایک مکھی سے بھی چھیڑ چھاڑکافی مہنگی پڑ سکتی ہے۔

باسکٹ بال میچ میں شہد کی مکھیاں بن بلائی مہمان بن گئیں