نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 4وکٹوں سے ہراکر پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

منگل 24 مارچ 2015 16:17

نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 4وکٹوں سے ہراکر پہلی ..

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 4وکٹوں سے ہراکر پہلی بارآئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا،بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ اینڈ لوئیس سٹیرن فارمولے کے تحت ہوا،دنیا کی بہترین فیلڈنگ سائیڈ ناقص فیلڈنگ کے باعث شکست سے دوچار ہوئی ،کیویز نے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے بڑاہدف حاصل کرلیا،پروٹیز کا فائنل کھیلنے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ،جنوبی افریقہ کھلاڑی میدان میں زارو قطار روتے رہے ،نیوزی لینڈ میں جشن ، جنوبی افریقہ نے مقررہ 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 298 رنز کا ہدف ملا،ڈوپلیسی 82،ڈوویلیئرز65اورڈیوڈ ملر 49رنز بناکر نمایاں،نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن نے 3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ حاصل کئے، نیوزی لینڈ نے 43 اوورز میں 298 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کر لیا،، گرانٹ ایلیٹ نے 73 گیندوں پر 84 رنز کی فتح گر اننگزکھیلی ، برینڈن میک کولم 59اور اینڈرسن 58 رنز بنا کرنمایاں،جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل نے 3 وکٹ حاصل کئے ،نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور ہاشم آملہ 21 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے جب کہ کوئنٹن ڈی کوک بھی 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ فاف ڈوپلیسی اور روسو نے جنوبی افریقی ٹیم کو تھوڑا سنبھالا دیا تاہم روسو بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر جنوبی افریقا کے 114 رنز پر 3 کھلاڑی آوٴٹ ہو چکے تھے لیکن اے بی ڈویلیئرز نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور 38 اوورز میں 216 رنز پر پہنچا دیا۔ جب بارش کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا ڈوپلیسی اپنے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 82 پر ہی آوٴٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر نے 18 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز اسکور کئے جب کہ ڈویلیئرز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے لیکن ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 298 رنز کا ہدف ملا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن نے 3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ حاصل کئے۔جواب میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں 43 اوورز میں 298 رنز کا ہدف ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل حاصل کر لیا۔

اس فتح کے معمار گرانٹ ایلیٹ تھے جنھوں نے 73 گیندوں پر 84 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور انھوں نے کئی یقینی کیچ گرائے اور رن آوٴٹ کے مواقع گنوائے۔ میچ کے اختتام پر جنوبی افریقہ کے کئی کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے جب کہ سٹیڈیم میں موجود نیوزی لینڈ کے ہزاروں حامیوں نے اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منانا شروع کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی چار وکٹیں گرنے کے بعد کوری اینڈرسن اور گرانٹ ایلیٹ کی درمیان 103 رنز کی شاندار شراکت ہوئی جس نے نیوزی لینڈ کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔اینڈرسن مورکل کی گیند پر 58 رنز بنا کر ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے۔ انھوں نے 56 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔ ان کے بعد لوک رونکی ڈیل سٹین کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں آوٴٹ ہو گئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل نے 3جبکہ ڈیل سٹین اور جے پی ڈومنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :